دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے کی نئی رینکنگ جاری کردی ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ رینکنگ میں اسٹار بیٹر بابر اعظم سمیت متعدد قومی کھلاڑیوں کی پوزیشن میں بہتری آئی ہے۔
ون ڈے بیٹرز کی رینکنگ میں بابر اعظم ایک درجے ترقی کے ساتھ 689 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ساتویں سے چھٹے نمبر پر آگئے ہیں۔ سلمان علی آغا 630 پوائنٹس کے ساتھ دو درجے ترقی کرکے 18ویں سے 16ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
سابق کپتان اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان 560 پوائنٹس کے ساتھ اپنی 31ویں پوزیشن پر برقرار ہیں جبکہ بائیں ہاتھ کے اوپنر فخر زمان ایک درجے تنزلی کے بعد 36ویں سے 37ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔ صائم ایوب 44ویں نمبر پر موجود ہیں۔
نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل 802 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں پہلے نمبر پر برقرار ہیں۔ بھارتی کپتان شبمن گل دوسرے جبکہ تجربہ کار بیٹر ویرات کوہلی تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔
ون ڈے بولرز کی رینکنگ میں شاہین شاہ آفریدی دو درجے ترقی کے بعد 604 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ نویں سے ساتویں نمبر پر آگئے ہیں۔ حارث رؤف بھی دو درجے ترقی کے بعد 20ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
نسیم شاہ دو درجے تنزلی کے بعد 477 پوائنٹس کے ساتھ 49ویں نمبر پر چلے گئے ہیں، جبکہ محمد وسیم جونیئر ایک درجے بہتری کے بعد 71ویں سے 70ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
افغانستان کے اسپنر راشد خان ون ڈے بولنگ رینکنگ میں سرِ فہرست ہیں جبکہ پاکستان کے ابرار احمد دوسرے نمبر پر موجود ہیں جبکہ انگلینڈ کے فاسٹ بولر جوفرا آرچر کا تیسرا نمبر ہے۔


