بابراعظم کو قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کردیا گیا ہے۔ بابراعظم اب تینوں فارمیٹ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بن گئے ہیں۔
بطور ٹیسٹ کپتان بابراعظم کی پہلی اسائنمنٹ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل نیوزی لینڈ کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریزمیں پاکستان کی قیادت کرنا ہوگا۔دونوں ممالک کے مابین ٹیسٹ سیریز کا آغاز 26 دسمبر سے ہوگا۔
بابراعظم کو اظہر علی کی جگہ قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ اظہر علی نے دورہ انگلینڈ میں قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کی کپتانی کی تھی۔
چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے اس نئی تقرری کی منظوری منگل کی شام کو اظہر علی سے ملاقات کرنے کے بعد دی۔ ملاقات میں احسان مانی نے بطور کپتان خدمات پر اظہر علی کا شکریہ ادا کیا۔ اس دوران انہوں نے بابراعظم سے بھی رابطہ کیا اور انہیں اس تقرری پر مبارکباد پیش کی۔
چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ اظہر علی کے پاس کرکٹ کا علم بھی ہے اوروہ ایک اسپیشلسٹ ٹاپ آرڈر بیٹسمین ہیں، اظہر علی میں ابھی بہت کرکٹ باقی ہے اورانہیں یقین ہے کہ ان کے تجربے سے ابھی پاکستان بہت فائدہ اٹھاسکتا ہے۔
احسان مانی نے کہا کہ کم عمر ی میں ہی بابراعظم میں موجود مستقبل کے کپتان کی نشاندہی کر لی گئی تھی ، ان کی ڈویلپمنٹ کے لیے انہیں گزشتہ برس وائٹ بال کرکٹ کا کپتان مقرر کیا گیا تھا اور تسلسل کے ساتھ ان کی پرفارمنس اور قیادت کی صلاحیتوں کے بنیاد پر انہوں نے ثابت کیا کہ وہ کپتان کے اضافی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لئیے تیار ہیں۔