عرفان پٹھان نے بابراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مداحوں پر زور دیا ہے کہ وہ ان کا کنگ ویرات کوہلی سے موازنہ کرنا بند کریں۔
کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں بھارت کے ہاتھوں 61 رنز سے عبرتناک شکست کے بعد پاکستانی ٹیم کو شدید تنقید کا سامنا ہے، پوری کرکٹ ورلڈ نہ صرف پاکستان کی اس پرفارمنس کو حیران کن قرار دے رہے ہیں بلکہ سینئر پلیئر کی کارکردگی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
سابق بھارتی اسٹار عرفان پٹھان نے بابراعظم کو اس شکست کے بعد نشانے پر رکھ لیا ہے، بابراعظم کا ویرات کوہلی سے موازنہ کرنے پرعرفان پٹھان نے کہا "براہ کرم بابراعظم کا ویرات کوہلی سے موازنہ کرنا بند کریں، ویرات کوہلی ایک مختلف لیگ میں ہیں”۔
عرفان پٹھان نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ "2022 ورلڈکپ میں پاکستان کے خلاف ویرات کوہلی کی اننگز کو دیکھیں، کیا بابر نے کبھی دباؤ میں ایسی اننگز کھیلی ہے؟”
انھوں نے پاکستان کی ماضی کی جیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ "2021 کے علاوہ، جب اوس نے بڑا کردار ادا کیا، بابر نے کتنی بار دباؤ کو جھیلا اور اس طرح کھیل ختم کیا؟
سابق بھارتی پیسر نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے اہم میچ میں 3 وکٹیں گرنے کے بعد انھیں 15ویں اوور تک بیٹنگ کرنی چاہیے تھی، سنگلز اور ڈبلز پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے تھی، اور لمبی اننگز کھیلنی چاہیے تھی۔
عرفان پٹھان نے بابر اعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اسکور بورڈ کے دباؤ کے پیش نظر 120 کا اسٹرائیک ریٹ بھی قابل قبول ہوتا، اس کے بجائے بابر ایک بڑا شاٹ لگانے کی کوشش میں آؤٹ ہو گئے۔
خیال رہے کہ بھارتی ٹیم کے ہاتھوں بدترین شکست کے باوجود پاکستان کی ٹورنامنٹ میں موجودگی ابھی تک برقرار ہے، سپر 8 کے لیے کوالیفائی کرنے کے کےلیے انھیں نمیبیا کو شکست دینا ہوگی یا میچ ڈرا ہونا ہوگا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


