جمعرات, مارچ 27, 2025
اشتہار

بابر اعظم نے مین آف دی سیزیز کا ایوارڈ ’کراچی والوں‘ کے نام کردیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: تین میچز پر مشتمل پاک ویسٹ انڈیز ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شاندار کارکردگی پر مین آف دی سیریز ٹھہرائے جانے والے پاکستانی کھلاڑی بابراعظم نے اپنا ایوارڈ پاکستان اور کراچی کے شائقین کرکٹ کے نام کردیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے مابین تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سریز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلی گئی جس میں قومی کرکٹ ٹیم نے مخالف ٹیم کو وائٹ واش کیا اور عالمی رینکنگ میں بھی اپنی پہلی پوزیشن مستحکم کی۔

سیریز میں کھیلے جانے والے میچز میں تمام ہی کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل پیش کیا مگر بابر اعظم نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین میچز میں کُل ملا کر 165 رنز اسکور کیے جن میں اُن کا سب سے بہترین اسکور 97 رنز ناٹ آؤٹ رہا۔

مزید پڑھیں: سرفراز نے اپنی میچ فیس نیشنل اسٹیڈیم کے گراؤنڈ اسٹاف کے نام کردی

 تینوں میچز میں عمدہ کارکردگی دکھانے پر بابر اعظم کو مین آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا، اس موقع پر کمنٹیٹر رمیز راجہ نے اوپنر سے سوال کیا کہ وہ موٹرسائیکل کا کیا کریں گے تو انہوں نے ہنستے ہوئے جواب دیا کہ ’میں یہ گھر (لاہور) نہیں لے جاسکتا اور میرے پاس لائسنس بھی نہیں ہے‘۔

اُن کا کہنا تھا کہ ’میری دعا اور کوشش تھی کہ اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح دلواؤں، اللہ کا شکر ہے کہ میں اس میں کامیاب رہا، میرے کھیل میں بہتری کی وجہ سینئرز ہیں جن سے مجھے ہر وقت سیکھنے کو ملتا ہے اور خاص طور پر شعیب ملک کو اس کا بہت سہرا جاتا ہے جنہوں نے دباؤ میں نہ آنے کی تلقین کی‘۔

پاکستانی بلے باز بابر اعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک ٹوئٹ میں اعلان کیا کہ وہ اپنا مین آف دی سیریز کا ایوارڈ پاکستان اور کراچی اور کراچی والوں کے نام کرتا ہوں۔

انہوں نے ویسٹ انڈیز کی ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے پاکستان کا دورہ کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ جلد دیگر ٹیمیں بھی یہاں آکر میچز کھیلیں گی۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں