قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) کو خیرباد کہہ دیا۔
قومی ٹیم کے اسٹار بیٹر بابر اعظم نے بی پی ایل میں رنگپور رائیڈرز کی نمائندگی کی اور ٹاپ رن اسکورر بن کر ٹورنامنٹ کو خیرباد کہہ دیا۔
بابر اعظم نے رنگپور رائیڈرز کے لیے 6 اننگز میں 50 کی اوسط سے 251 رنز بنائے۔
انہوں نے دو میچ وننگ نصف سنچریاں بھی اسکور کیں اور آخری اننگز میں ڈھاکا کے خلاف 47 رنز بنائے۔
بابر اعطم اب وطن واپس آئیں گے اور پی ایس ایل سیزن 9 میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 کی ٹکٹوں کی فروخت 6 جنوری سے شروع ہوگی۔
پی سی بی کا کہنا تھا کہ شائقین آن لائن ٹکٹ بک کر سکتے ہیں، ٹکٹ کی قیمت 500 سے لے کر 15 ہزار روپے تک ہوگی، فائنل کا ٹکٹ 1 ہزار روپے سے 8 ہزار روپے تک دستیاب ہوگا۔
یاد رہے کہ شیڈول کے مطابق پی ایس ایل 9 کا آغاز 17 فروری سے ہو گا اور 17 مارچ تک جاری رہنے والے ایونٹ میں 34 میچز کھیلے جائیں گے۔
پی ایس ایل شیڈول کے مطابق پہلے مرحلے میں میچ لاہور اور ملتان میں کھیلے جائیں گے جبکہ دوسرے مرحلے کے میچز کراچی اور راولپنڈی میں ہوں گے۔
افتتاحی میچ قذافی اسٹیڈیم میں لاہور قلندرز اور اسلام آبادیونائیٹڈ کے درمیان ہو گا جبکہ ایونٹ کا فائنل کراچی میں ہو گا۔