جمعہ, دسمبر 5, 2025
اشتہار

سری لنکا کیخلاف ون ڈے سیریز میں بابر اعظم نے کتنے ریکارڈ بنائے!

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی (18 نومبر 2025): سری لنکا کے خلاف تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں 165 رنز اسکور کیے تاہم متعدد ریکارڈ اپنے نام کیے۔

سری لنکا کے خلاف حالیہ ایک روزہ سیریز کے دوسرے میچ میں بابر اعظم نے طویل عرصہ بعد فارم میں واپسی کرتے ہوئے سنچری اسکور کی۔ تاہم بقیہ دو میچز میں ان کا بلا رنز نہ اگل سکا۔

اسٹار قومی بیٹر نے پہلے میچ میں 29، دوسرے میں ناقابل شکست 101 اور تیسرے میچ میں 34 رنز کے ساتھ مجموعی طور پر 82.5 کی اوسط سے 165 رنز اسکور کیے۔ تاہم انہوں نے کئی ملکی اور غیر ملکی ریکارڈز اپنے نام کیے۔

بابر اعظم جب تیسرے ایک روزہ میچ میں 34 رنز کی اننگ کھیل کر پویلین لوٹے تھے تو گوکہ یہ ان کی بڑی اننگ نہیں تھی لیکن اس مختصر اننگ کے ساتھ ہی انہوں نے دو اعزاز اپنے نام کیے۔

سابق قومی کپتان ون ڈے میں ہدف کے کامیاب تعاقب میں 2000 رنز مکمل کرنے والے پانچویں پاکستانی بلے باز بن گئے۔

اس فہرست میں لیجنڈری اوپنر سعید انور 2837 رنز سکور کرکے پہلے، انضمام الحق 2778 رنز کے ساتھ دوسرے، محمد یوسف 2177 رنز بنا کر تیسرے جب کہ یونس خان 2012 رنز کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔ بابر اعظم 2006 رنز بنا چکے ہیں۔

اسی میچ میں وہ ہوم گراؤنڈ پر 5 ہزار انٹرنیشنل رنز مکمل کرنے والے چوتھی پاکستانی بلے باز بنے۔ ان سے آگے لیجنڈری جاوید میاں داد (6475)، انضمام الحق (6383) اور محمد یوسف (5834) بالترتیب پہلے سے تیسرے نمبر پر ہیں۔

اس سے قبل دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں وہ سنچری اسکور کر کے سعید انور کی 20 سنچریوں کا ملکی ریکارڈ برابر کر چکے تھے۔ اسی میچ میں انہوں نے ویوین رچرڈز، جاوید میانداد، جے سوریا جیسے لیجنڈ بلے بازوں کو پیچھے چھوڑا۔

انہوں نے 20 سنچریوں کے ساتھ لیجنڈری بلے بازوں برائن لارا، مہیلا جے وردھنے اور جو روٹ کو بھی پیچھے چھوڑا جب کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں 32 ویں سنچری بنا کر جاوید میاںداد اور سعید انور کو پیچھے چھوڑا۔

بابر اعظم نے ایک منفرد ملکی ریکارڈ بھی اپنے نام کیا اور پاکستان کی جانب سے تینوں فارمیٹس میں سب سے زیادہ مرتبہ ٹاپ اسکورر رہنے والے بلے باز بن گئے ہیں۔ یہ کسی بھی پاکستانی بلے باز کی جانب سے کرکٹ کے تمام فارمیٹس کی اننگز میں 100 ویں بار ٹاپ اسکور تھا۔

اس سے قبل یہ اعزاز انضمام الحق کے پاس تھا جو کرکٹ کے تمام فارمیٹس میں 99 بار اننگز میں ٹاپ اسکورر رہے تھے۔

+ posts

ریحان خان کو کوچہٌ صحافت میں 25 سال ہوچکے ہیں اور ا ن دنوں اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں۔ملکی سیاست، معاشرتی مسائل اور اسپورٹس پر اظہار خیال کرتے ہیں۔ قارئین اپنی رائے اور تجاویز کے لیے ای میل [email protected] پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

اہم ترین

ریحان خان
ریحان خان
ریحان خان کو کوچہٌ صحافت میں 25 سال ہوچکے ہیں اور ا ن دنوں اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں۔ملکی سیاست، معاشرتی مسائل اور اسپورٹس پر اظہار خیال کرتے ہیں۔ قارئین اپنی رائے اور تجاویز کے لیے ای میل [email protected] پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

مزید خبریں