(7 جنوری 2026): 10 بیٹیوں کی پیدائش کے بعد منتوں مرادوں سے بیٹا پیدا ہوا باپ اتنا خوش ہوا کہ اپنی ہی بیٹیوں کے نام تک بھول گیا۔
یہ واقعہ بھارت میں ہریانہ میں پیش آیا، جہاں 37 سالہ خاتون نے 10 بیٹیوں کے بعد بیٹے کو جنم دیا۔ یہ خوشی کی خبر پورے خاندان میں پھیل گئی اور سب مبارکباد دینے اسپتال آ گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس موقع پر خاتون کے شوہر نے بیٹے کی پیدائش کی خوشی میں پورے اسپتال کو سجایا جب کہ خبر ملتے ہی میڈیا بھی وہاں پہنچ گیا۔
خوشی سے سرشار 40 سالہ سنجے کمار نے مقامی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی شادی کو 19 برس ہو چکے ہیں اور سب سے بڑی بیٹی بارھویں جماعت میں زیر تعلیم ہے۔
اس موقع پر جب خاتون صحافی نے باپ سے اس کی 10 بیٹیوں کے نام پوچھے تو وہ نام بتاتے ہوئے دو بیٹیوں کے نام ہی بھول گیا۔
والد نے کہا کہ جب وہ اپنی اہلیہ کو لے کر اسپتال آ رہے تھے تو بیٹیوں نے کہا تھا کہ بھائی لے کر واپس آنا جب کہ پڑوسیوں نے بھی لڑکا ہونے کی صورت میں ہمارے گھر واپسی پر ڈی جے بجانے کا وعدہ کر رکھا ہے۔
برسوں پرانی خواہش پوری ہونے پر دونوں میاں بیوی کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو بھی آ گئے اور انہوں نے کہا کہ ہم اپنی بیٹیوں کی تعلیم وتربیت پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں۔


