عام طور پر بندر کو بے وقوف جانور سے تشبیہہ دی جاتی ہے لیکن حقیقت میں ایسا نہیں کیونکہ اس میں تھوڑی بہت عادتیں سمجھ داروں والی بھی ہوتی ہیں جنہیں باقاعدہ سکھایا جاتا ہے۔
بندروں کی شرارتوں اور چالاکیوں سے بے شک ہر شخص واقف ہے اور یہ انسانوں کی توجہ حاصل کرنے میں بھی کافی حد تک کامیاب رہتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر ان دنوں ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں ایک بندر کا بچہ قید سے چھٹکارا پانے کیلئے اپنی بھرپور کوشش کرتا ہے۔
اس کام کیلئے وہ ایسی حرکت کرتا ہے جسے دیکھ کر یقین نہیں آتا کہ اس کا دماغ اتنا بھی سوچ سکتا ہے، اسی لیے اس کو ذہین جانور کہا جاسکتا ہے۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چڑیا گھر سے فرار ہونے کی کوشش کرنے والا بندر کا بچہ شیشہ نما پنجرے میں قید ہے اور باہر نکلنے کی تگ و دو میں لگا ہوا ہے۔
کلپ میں دکھایا گیا ہے کہ بندر پنجرے کی شیشے کی دیوار کے پاس کھڑا ہے اور وہاں سے نکلنے کیلئے اپنے دونوں ہاتھوں میں ایک بڑا سا پتھر اٹھا کرشیشے پر مارتا ہے۔
پہلی بار پتھر مارنے پر شیشہ نہیں ٹوٹتا لیکن جیسے ہی وہ پتھر کی دوسری ضرب شیشے پر مارتا ہے تو پورا شیشہ چٹخ جاتا ہے اور اس کی آواز سن کر بچہ خود ڈر کر واپس بھاگ جاتا ہے۔
یہ ویڈیو سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ڈسکور انیمل نامی پیج نے پوسٹ کی تھی، ویڈیو کو اب تک 794ہزار بار دیکھا جاچکا ہے، ویڈیو کو لوگوں نے بے حد پسند کیا اور بچے کی اس حرکت پر خوب محظوظ ہوئے۔