The news is by your side.

Advertisement

مشہور ہونے کا شوق، بھارتی گلوکار اپنی چال میں خود پھنس گئے

ممبئی: بالی ووڈ کے ریپر اور گلوکار بادشاہ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنے گانے کی ویڈیو کو وائرل کرنے اور ورلڈریکارڈ بنانے کے لیے لاکھوں روپے کی رقم ادا کی۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ممبئی پولیس سوشل میڈیا کے جعلی فالوورز کے ایک کیس کی تحقیقات کر رہی ہے۔ یہ کیس اس وقت شروع ہوا جب پلے بیگ سنگر بھومی ترویدی کو پتا چلا کہ کوئی ان کے نام کا جعلی پروفائل بنا کر لوگوں کو بے وقوف بنا رہا ہے۔

ممبئی پولیس نے کیس کی تفتیش کے لیے گلوکار بادشاہ کو طلب کیا جنہوں نے تحقیقاتی ٹیم کے سامنے اعتراف کیا کہ انہوں نے یوٹیوب ویوز لینے کے لیے کمپنیز کو 72 لاکھ روپے کی رقم ادا کی۔

پولیس کے مطابق گلوکار نے اس بات کا اعتراف کیا کہ رقم دینے کے عوض اُن کے گانے کی ویڈیو پر 7 کروڑ بیس لاکھ ویوز آئے اور اسی طرح انہوں نے چوبیس گھنٹے کے اندر ورلڈ ریکارڈ بنایا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’پاگل ہے‘ گانے کی ویڈیو کو ریلیز کے پہلے روز 75 لاکھ لوگوں نے دیکھا، یوں میں نے ٹیلر سویفٹ اور کورین بینڈ کے ریکارڈ توڑ کر اعزاز اپنے نام کیا۔ یاد رہے کہ ریپر کے دعوے کو گوگل نے مسترد کر تے ہوئے ویوز کو جعلی قرار دیا تھا۔

پولیس کے مطابق گلوکار اپنی حرکت پر بالکل بھی نادم نہیں ہیں اور انہوں نے تفتیش کے دوران یہ بھی کہا کہ ’پیسوں کے عوض ویوز لے کر میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا‘۔

ممبئی پولیس کے ڈپٹی کمشنر نند کمار ٹھاکر کا کہنا تھا کہ ’گلوکار نے خود اس بات کا اعتراف کیا کہ انہوں نے ورلڈ ریکارڈ بنانے کے لیے  ایک کمپنی کو 72 لاکھ روپے کی خطیر رقم ادا کر کے جعلی ویوز حاصل کیے‘ْ

نند کمار کا کہنا تھا کہ ’ہم پاگل ہے گانے کو سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے حوالے سے جانچ پڑتال کررہے ہیں، جن صارفین نے اسے شیئر کیا ہوگا انہیں بھی شامل تفتیش کیا جائے گا‘۔

دوسری جانب ریپر بادشاہ نے پولیس کے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے طلبی کا نوٹس ملا، جس کے بعد میں نے تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش ہوکر اپنا بیان ریکارڈ کرادیا‘۔

اُن کا کہنا تھا کہ ’پولیس کے جھوٹے اور بے بنیاد دعوے کی سختی سے تردید کرتا ہوں کیونکہ تفتیش کے دوران میں نے ایسی کوئی بات کی اور نہ ہی کوئی سوال پوچھا گیا‘۔ بادشاہ نے مزید کہا کہ ’میری قانونی ٹیم اس مسئلے کو دیکھ رہی ہے ہم جلد ہی معاملے کو حل کر کے تمام حقائق عوام کے سامنے لائیں گے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ممبئی پولیس نے اس کیس میں اب تک دو افراد کو گرفتار کیا، گلوکار بادشاہ کی طلبی بھی اس مقدمے سے جڑی ہے۔ گرفتار ہونے والے ملزما ن نے ’ابتدائی تفتیش کے دوران پولیس کو آگاہ کیا کہ ممبئی میں لگ بھگ 70 کے قریب ایسی کمپنیاں کام کر رہی ہیں جو مشہور شخصیات کو سوشل میڈیا پر جعلی فالورز فراہم کرتی ہیں‘۔

Comments

یہ بھی پڑھیں