بغداد : عراق نے گزشتہ روز ہونے والے دہشت گرد حملوں کی ذمہ داری داعش پر عائد کردی، ترجمان عراقی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ یہ اسی دہشت گرد تنظیم کی کارستانی ہے۔
یہ بات عراقی وزارت داخلہ کے ترجمان خالد میخانہ نے میڈیا کو جاری اپنے ایک بیان میں کہی، ان کا کہنا ہے کہ عراقی دارالحکومت بغداد کے حملے میں دہشت گرد تنظیم داعش کار فرما ہے۔
واضح رہے کہ عراقی دارالحکومت میں گزشتہ روز32 افراد کی ہلاکت کا موجب بننے والے دہشت گرد حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی ہے۔
خالد میخانہ نے بغداد میں ایک مقامی ٹیلی ویژن چینل کو 32 افراد کی ہلاکتوں کا موجب بننے والے حملے کے ذمہ داروں کے حوالے سے بیانات دیتے ہوئے کہا کہ ایک بازار کو ہدف بنانے والے خود کش حملے کے پیچھے داعش کا ہاتھ ہے داعش ملک میں تاحال اپنے وجود کے موجود ہونے کا پیغام دینا چاہتی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بغداد کے مشہور چوک طیاران میں یکے بعد دیگرے دو خود کش بم حملے کیے گئے تھے جس کے نتیجے میں32 افراد ہلاک اور 110 زخمی ہو گئے تھے۔
عراقی دارالحکومت بغداد میں پرتشدد واقعات ختم ہونے کا نام نہیں لے رہے ہیں، گذشتہ سال اگست میں بغداد میں ہونے والے کار بم دھماکے میں 11 افراد جاں بحق جبکہ 26 زخمی ہوئے تھے۔
اس سے قبل مئی میں بھی بغداد خوفناک دھماکوں سے گونج اٹھا تھا، ان دھماکوں کے نتیجے میں 64 افراد جاں بحق جبکہ 87 زخمی ہوئے تھے۔