افغانستان: ناکارہ فوجی گاڑیوں کی مرمت شروع

کابل: طالبان نے افغان صوبے بغلان میں ناکارہ فوجی گاڑیوں کی مرمت کا کام شروع کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق افغانستان کی سابق حکومتی فورسز اور طالبان کے درمیان جھڑپوں میں درجنوں سرکاری گاڑیاں تباہ ہو گئی تھیں، ان گاڑیوں کے ڈھانچے صوبہ بغلان کی سڑکوں پر اطراف میں آج بھی پڑے ہوئے ہیں۔
طالبان کی جانب سے تباہ شدہ سرکاری گاڑیوں کو جمع کرنے اور ان کی مرمت کرنے کے لیے ایک ریفارم کمیشن کی تشکیل عمل میں لائی گئی ہے، یہ اصلاحاتی کمیشن بغلان میں سڑکوں کے اطراف موجود گاڑیوں کو ایک جگہ جمع کرے گا۔
بغلان میں طالبان ریفارم کمیشن کے سربراہ مولوی عبدالرحمان نے کہا کہ اس ٹیم کو یہ ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ تباہ شدہ تمام گاڑیاں اکٹھی کرے اور انھیں ایک مخصوص جگہ پر منتقل کر دے، بعد ازاں ان تمام گاڑیوں کی مرمت کی جائے گی۔
بغلان: امارت اسلامیہ ریفارم کمیشن کے عہدیداروں نے صوبے کے مرکز اور اضلاع سے تمام تباہ شدہ گاڑیاں جمع کرنے کا فیصلہ کیا۔ pic.twitter.com/iidgRCB4B4
— امارات اسلامیہ زندہ باد (@amarat_islam) October 11, 2021
کمیشن کے رکن مولوی محمد اسماعیل مظہری نے میڈیا کو بتایا کہ تمام فوجی ساز و سامان اکٹھا کیا جا رہا ہے اور جنھوں نے اسے چوری کیا تھا انھیں گرفتار کیا جا رہا ہے، انھوں نے کہا صرف سرکاری گاڑیاں ضبط کی جا رہی ہیں۔
بغلان پولیس کمانڈ ورکشاپ کے انچارج قاری ہدایت اللہ کے مطابق انجنیئرز کی ایک ٹیم جدید آلات کے ساتھ ان گاڑیوں کی مرمت کا کام کر رہی ہے، مرمت کے بعد تمام گاڑیاں استعمال کے لیے طالبان فورسز کے حوالے کر دی جائیں گی۔