بہاولنگر(9 فروری 2026): چک سونڈھا میں 3 سالہ بچہ سیوریج کے جوہڑ میں گر کر جاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق بہاولنگر کے نواحی علاقے چک سونڈھا میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں کھیلتا ہوا 3 سالہ معصوم بچہ سیوریج کے جوہڑ میں گر کر جاں بحق ہو گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق بچہ جوہڑ کے قریب کھیل رہا تھا کہ اچانک پاؤں پھسلنے کے باعث گندے پانی میں ڈوب گیا۔ جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت علی حماد کے نام سے ہوئی ہے۔
کراچی کے بعد پنجاب بھر میں کھلے مین ہولز اور سیوریج کے غیر محفوظ جوہڑ انسانی زندگیوں کے لیے مستقل خطرہ بن چکے ہیں، خاص طور پر لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد جیسے بڑے شہروں میں واسا اور بلدیاتی اداروں کی غفلت کے باعث حادثات رونما ہو چکے ہیں۔
یاد رے کہ چند روز قبل لاہور کے علاقے بھاٹی گیٹ کے قریب بھی گٹر میں گر کر ماں اور بیٹا جاں بحق ہوئے تھے جس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب نے سختی سے ایکشن لیتے ہوئے کہا تھا کہ گٹر کا ڈھکن چوری کرنے، خریدنے اور بیچنے پر سزا ہوگی۔
حالیہ رپورٹس کے مطابق پنجاب میں مین ہولز کے ڈھکن غائب ہونا یا ٹوٹنا ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے، جس پر عدالتیں بھی متعدد بار نوٹس لے چکی ہیں۔
لاہور بھاٹی گیٹ واقعہ: “پولیس نے تشدد کرکے بیوی اور بیٹی کو قتل کرنے کا اعتراف کرانے کی کوشش کی”
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


