بہاولنگر: پنجاب کے شہر بہاولنگر میں ایک مکان کی چھت گرنے سے 3 خواتین جاں بحق ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق ضلع بہاولنگر کے محلہ تیلیاں والا میں بارش کے سبب کمرے کی چھت گر گئی، جس سے کمرے میں سوئی ہوئی 3 بہنیں ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئیں۔
حادثے کے بعد ریسکیو ٹیم نے امدادی آپریشن کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والی بہنوں کی لاشیں ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کر دیں۔
جاں بحق ہونے والوں میں 24 سالہ نادرہ، 28 سالہ رضیہ اور 30 سالہ روبینہ شامل ہیں، افسوس ناک حادثے سے علاقے میں کہرام مچ گیا، اہل علاقہ کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہو گئی۔
کراچی: ملیر ندی میں ڈوبنے والی گاڑی مل گئی، 7 افراد لا پتا
جاں بحق ہونے والی 2 بہنیں نجی اسکول میں ٹیچنگ کرتی تھیں، گزشتہ روز سے بہاولنگر شہر اور گرد و نواح میں وقفے سے وقفے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
ادھر ضلع بھکر میں بھی گزشتہ روز سے مسلسل بارش کے باعث سیلابی صورت حال ہے، بارش کے باعث مختلف مقامات پر متعدد کچے مکانات منہدم ہو گئے ہیں، ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ چھتیں اور دیواریں گرنے سے 11 افراد زخمی ہو چکے ہیں، یہ واقعات بہل، محمد یار والا، مسلم کوٹ، نوتک نشیب میں پیش آئے۔
صوبہ خیبر پختون خوا کے ضلع لکی مروت میں ضلع بھر میں تیسرے روز بھی بارش جاری رہی، بارش کے باعث رابطہ سڑکیں، پل اور مکانات کو شدید نقصان پہنچا، رابطہ سڑکوں کی بندش سے کئی دیہات کا شہر سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔
صوبہ بلوچستان کے شہر روجھان میں کبھڑ بند ٹوٹنے سے قریبی بستیوں میں سینکڑوں گھر منہدم ہو گئے ہیں، اور سینکڑوں ایکڑ کپاس و دیگر فصلیں تباہ ہو گئی ہیں۔
بلوچستان کے ضلع کوہلو میں موسلا دھار بارشوں سے ضلع میں درجنوں کچے مکانات منہدم ہو چکے ہیں، اور مختلف علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے، کوہلو میں تمبو، گرسنی، شاہیجہ آباد، مری کالونی میں درجنوں مکانات کی چھتیں اور دیواریں گر گئیں، چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق جب کہ مختلف واقعات میں خواتین اور بچے سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔