تازہ ترین

بحرین نے فائزر کی ویکسین کے استعمال کی منظوری دے دی

مناما: بحرین فائزر کی ویکسین کے استعمال کی منظوری دینے والا دنیا کا دوسرا ملک بن گیا، بحرین نیشنل ہیلتھ ریگولیٹری اتھارٹی کے مطابق کووڈ 19 ویکسین کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر گروپس کے لیے استعمال ہوگی۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق بحرین، امریکی فارماسیوٹیکل کمپنی فائزر اور جرمن شراکت دار بائیو این ٹیک کی بنائی جانے والی ویکسین کو منظور کرنے والا دنیا کا دوسرا ملک بن گیا، مذکورہ ویکسین کو سب سے پہلے برطانیہ نے استعمال کے لیے منظور کیا تھا۔

بحرین کا کہنا ہے کہ اس نے فائزر کی تیار کردہ کررونا ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری دے دی ہے۔

بحرین کی نیشنل ہیلتھ ریگولیٹری اتھارٹی (این ایچ آر اے) کا کہنا ہے کہ فائزر کی کووڈ 19 ویکسین کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر گروپس کے لیے استعمال ہوگی۔

بحرین نے یہ نہیں بتایا کہ اس نے کتنی ویکسینز خریدی ہیں اور عملی طور پر اس ویکسین کی کب شروعات ہوگی۔

بحرین کے لیے فوری چیلنج وہ شرائط ہوں گی جن میں یہ ویکسین رکھنا ضروری ہے، ماہرین کے مطابق ویکسین کو محفوظ رکھنے اور کئی دن تک قابل استعمال بنانے کے لیے تقریباً منفی 70 ڈگری سینٹی گریڈ کے انتہائی سرد درجہ حرارت میں رکھنا ہوگا۔

بحرین مشرق وسطیٰ کا ایسا ملک ہے جہاں موسم گرما میں تقریباً 40 ڈگری سینٹی گریڈ (104 ڈگری فارن ہائیٹ) سے زائد درجہ حرارت ریکارڈ کیا جاتا ہے۔

Comments

- Advertisement -