لغڑئی (28 ستمبر 2025): خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں فتنہ الخوارج کا چھوڑا ہوا بارودی مواد پھٹنے سے 3 معصوم بچے شہید اور 5 زخمی ہوگئے۔
بارودی مواد پھٹنے کا افسوسناک واقعہ باجوڑ کے علاقے لغڑئی میں گزشتہ روز پیش آیا۔ بچے فتنہ الخوارج کے چھوڑے گئے مواد سے کھیل رہے تھے کہ وہ پھٹ گیا۔
پاک فوج کے جوانوں نے بروقت کارروائی کر کے زخمی بچوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کیا جہاں ان کا ماہر ڈاکٹرز کی زیر نگرانی سی ایم ایچ پشاور میں جاری ہے۔
پولیس اور متعلقہ اداروں نے جائے وقوع کا محاصرہ کر کے شواہد اکٹھے کر لیے۔
یہ سانحہ ثبوت ہے کہ فتنہ الخوارج نے کس طرح خطرناک بارودی جال بچھا رکھا ہے، دہشتگرد ماضی میں بھی مساجد اور گھروں کو ڈھال بنا کر کارروائیاں کرتے رہے ہیں، تیراہ میں بھی باردوی مواد پھٹنے سے کئی معصوم شہری شہید جبکہ کارروائی میں 14 دہشتگرد ہلاک ہوئے تھے۔
گزشتہ روز درشہ خیل میں سکیورٹی فورسز کی اہم کارروائی میں 17 خوارج ہلاک ہوئے تھے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ فورسز نے 26 اور 27 ستمبر کی درمیانی شب لکی مروت میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا جہاں فائرنگ کے تبادلے میں 17 بھارتی اسپانسرڈ خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ مارے گئے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، ہلاک دہشتگرد فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں اور شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔
علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن بھی کیا گیا تھا۔
لئیق الرحمن دفاعی اور عسکری امور سے متعلق خبروں کے لئے اے آروائی نیوز کے نمائندہ خصوصی ہیں


