دبئی: کرکٹ ماہرین کی جانب سے گیند کو چمکانے کے لیے بال ٹیمپرنگ کو قانونی حیثیت دینے پر غور شروع کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے بعد جب کرکٹ شروع ہوگی تو سب سے بڑا سوال یہ ہوگا گیند کو کیسے چمکایا جائے، گیند کو تھوک لگانا منع ہوگا تو کیا بال ٹیمپرنگ کو قانونی حیثیت مل سکے گی؟
کرکٹ ماہرین گیند کو چمکانے کے لیے بال ٹیمپرنگ کو قانونی حیثیت دینے پر غور کررہے ہیں، آئی سی سی کی کرکٹ کمیٹی نے بھی اس پر غور شروع کردیا ہے۔
آسٹریلوی فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ کا کہنا ہے کہ وائٹ بال تو سوئنگ ہوگی پر ریڈ بال پر تھوک نہ لگایا تو اس کے چمکانے کے لیے کچھ کرنا ہوگا۔
مزید پڑھیں: گیند پرتھوک لگانے سے کرونا وائرس کا خطرہ، ماہرین نے خبردار کردیا
واضح رہے کہ اس سے قبل آسٹریلوی ماہرین کا کہنا تھا کہ اکثر دیکھا جاتا ہے کہ بالرز کی جانب سے گیند پر تھوک لگایا جاتا ہے تاکہ گیند کو چمکایا جائے ، گیند سوئنگ ہو اور وکٹ حاصل کرنے میں مدد مل سکے۔
ماہرین نے کرکٹرز کو خبردار کیا ہے کہ کھلاڑی میچ کے دوران گیند کو تھوک لگانے سے گریز کریں بصورت دیگر ان میں کرونا وائرس کا خطرہ موجود ہوگا۔
خیال رہے کہ بال ٹیمپرنگ کے سبب آسٹریلوی کرکٹرز اسٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بین کرافٹ کو پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
یاد رہے کہ کرونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں ہلاکتیں ایک لاکھ 91 ہزار سے تجاوز کرگئیں جبکہ صرف امریکا میں ہلاکتیں 50 ہزار سے زیادہ ہوگئیں۔