منگل, فروری 18, 2025
اشتہار

قبائلی اضلاع میں انتخابات کے لیے بیلٹ پیپرکی چھپائی شروع

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قبائلی اضلاع میں الیکشن کی تیاریاں آگے بڑھاتے ہوئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی شروع کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے قبائلی اضلاع کی 16صوبائی نشتوں پر انتخابات کے لیے 28 لاکھ بیلٹ پپیرز چھاپے جائیں گے،بیلٹ پپیرز کی چھپائی کا عمل 3سے 4دن میں مکمل ہوگا۔

ذرایع کا کہنا ہے کہ بیلٹ پپیرزکی چھپائی کے دوران پرنٹنگ پریس پرپاک فوج کےجوان تعینات رہیں گے جبکہ پولنگ کے دوران بھی فوجی جوان اپنی ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔

انتخابات کے لیے قبائلی اضلاع میں ایک ہزار 943 پولنگ اسٹیشن قائم ہوں گے،قبائلی اضلاع کے 26 لاکھ سے زائد ووٹر حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

قبائلی اضلاع میں ہونے والے الیکشن میں پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر 18 سے21 جولائی تک پاک فوج کےجوان تعینات ہوں گے۔پاک فوج کےجوان انتخابی عملے کی تربیت گاہوں کی بھی حفاظت کریں گے۔

بتایا جارہا ہے کہ 16قبائلی نشستوں پرانٹرنیٹ نہ ہونے کے سبب آرٹی ایس سسٹم استعمال نہیں کیاجائے گا، یاد رہے کہ گزشتہ سال منعقدہ عام انتخابات میں آرٹی ایس سسٹم بیٹھ جانے سے تحفظات پیدا ہوئے تھے۔

قبائلی اضلاع میں امن وامان کی صورت حال بہتر رکھنے کے لیے پاک فوج کی اضافی نفری ریزرو رکھی جائے گی۔

یاد رہے کہ 12 جون کو الیکشن کمیشن نے قبائلی اضلاع میں انتخابات 18 روز کے لیے موخر کرتے ہوئے پولنگ 20 جولائی کو کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس سے قبل صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر پولنگ 2 جولائی کو ہونا تھی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ضابطہ اخلاف کے مطابق تمام قبائلی اضلاع میں سرکاری ملازمین کے تقررو تبادلوں پر پہلے سے پابندی عائد ہے، 20 جولائی تک ان علاقوں میں کوئی نئی ترقیاتی اسکیم بھی شروع نہیں کی جاسکے گی۔

یاد رہے کہ قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر انتخابات میں حصہ لینے کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا عمل 9 مئی سے شروع ہوا تھا ، امیدواروں کی حتمی فہرست 28 مئی کو جاری کی گئی تھی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں