کوئٹہ : بلوچ ریپبلیکن پارٹی کے سربراہ براہمداغ بگٹی نے کہاہے کہ وہ حکومت سے بلوچستان کے مسئلے پر بات چیت کیلئے تیار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بلوچ رہنما راہمداغ بگٹی نے غیر ملکی خبر ایجنسی کو انٹرویو میں کہا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں تمام معاملات سیاسی اور پرامن طریقے سے حل کرناچاہتے ہیں۔
پاکستانی اسٹیبلشمنٹ کا طریقہ کار غلط ہے تسلیم کرے۔ پرامن بات چیت کےلئے آگے آنا ہوگا، بلوچ عوام کو ترقی کے دھارے میں شامل کیا جائے۔
دوسری جانب براہمداغ بگٹی کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ وہ تمام ناراض بلوچ رہنماؤں سےمذاکرات کےلئےتیارہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت براہمداغ بگٹی سمیت تمام ناراض بلوچ بھائیوں سے مذاکرات کیلئے تیار ہے۔ ہمارا شروع دن سے ہی یہ موقف رہا ہے کہ بلوچستان کا مسئلہ سیاسی انداز میں حل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت چاہتی ہے کہ بلوچستان میں جلدازجلدامن بحال ہو۔بلوچستان حکومت کو مذاکرات کا مکمل مینڈیٹ حاصل ہے۔