کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے آئندہ ہفتے سے کورونا کے پھیلاؤ کا خدشہ ظاہر کردیا اور کہا آنے والا ہفتہ اہم ہے، عوام سے اپیل ہے زیادہ سے زیادہ احتیاط کریں۔
تفصیلات کے مطابق کورونا میں مبتلا وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے قرنطینہ سے ویڈیو پیغام میں کہا کہ نےآئندہ ہفتے سے کورونا کے پھیلاؤ کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کورونا کے حوالے سے آنے والا ہفتہ اہم ہے، آنے والے دنوں میں کورونا کے زیادہ پھیلنے کے امکانات ہیں۔
جام کمال کا کہنا تھا کہ پچھلے دنوں کافی سارے لوگ بیرون ملک سے سفر کرکے آئے، عوام سے اپیل ہے زیادہ سے زیادہ احتیاط کریں۔
یاد رہے ملک بھر میں چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے مزید پانچ مریض انتقال کرگئے، جس کے بعد کورونا سے اب تک اموات کی کل تعداد چھ ہزار چھ سو انسٹھ ہوگئی جبکہ چار سو چالیس افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔
این سی او سی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد نو ہزار تین سو چوراسی ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران ستائیس ہزار اکانوے کورونا ٹیسٹ کیے گئے۔