کوئٹہ(یکم فروری 2026): وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ ہم ایک سیکنڈ کیلئے سرنڈر کو تیار نہیں، ہم ایک ہزار سال تک یہ جنگ لڑیں گے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کوئٹہ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ شہید ہوئے حکومت ان کے غم میں برابر کی شریک ہے، شہدا کے بچوں کی کفالت حکومت کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ انٹیلی جنس رپورٹ تھیں کہ ایسے حملے کی تیاری ہورہی ہے، سیکیورٹی فورسز نے بہادری سے مقابلہ کر کے 145 دہشت گردوں کو ہلاک کیا، دہشت گردوں نے گوادر میں 5 خواتین اور 3 بچوں کو شہید کیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے بتایا کہ جو ایک یونین کونسل تک آزاد نہیں کراسکے وہ بھارت کی ایما پر پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کی کوشش کررہے ہیں، بشیر زیب سمیت اس کے تمام ساتھی بھارت کی دلالی کرتے ہیں، گوادر میں بلوچ خواتین اور معصوم بچوں کو شہید کیا گیا۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ ایسے لوگوں نے 30 سال تک ملک میں ایک بیانیہ بنایا، بی ایل اے کوئی رجسٹرڈ جماعت ہے جو ان سے مذاکرات کرنے ہیں، مذاکرات کی بات کر کے ان جنگ کو محرومی سے جوڑا گیا، ایک سیکنڈ کیلئے سرنڈر کو تیار نہیں، ہم ایک ہزار سال تک یہ جنگ لڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دہشت گرد عوام میں گھل مل جاتے ہیں، فوج نے آپریشن کیلئے بلوچستان کا کوئی شہر یا گاؤں خالی نہیں کرایا، بلوچستان میں صرف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ہورہے ہیں، ان کا خیال تھا ریڈ زون میں گھسیں گے، سرکاری عمارتوں کو یرغمال بنائیں گے۔
سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ فرار دہشت گردوں کے تعاقب کیلئے اب بھی انٹیلی جنس آپریشن جاری ہے، ہماری فورسز، عوام کا خون اتنا سستا نہیں کہ آسانی سے بہہ جائے اور یہ بھاگ جائیں، بلوچستان امن کی طرف لوٹے گا، بھارت کی ایما پر بلوچوں کو ایندھن بنایا جارہا ہے، یہ قومیت کی جنگ نہیں صرف دہشت گردی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دہشت گردی کا سامنا کریں گے تھکیں گے نہیں، دہشت گردوں کو ان کے بِلوں سے نکال کر ماریں گے، دہشت گردوں سے ہر قسم کا اسلحہ برآمد ہوا ہے، ان کے آقاؤں نے ان کو خرید کر جدید اسلحہ اور آلات دیے ہیں، افغان عبوری حکومت نے وعدہ کیا تھا ان کی سرزمین دہشت گردی کیلئے استعمال نہیں ہوگی۔
سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ انٹیلی جنس رپورٹ ہیں کہ ان دہشت گردوں میں افغان بھی شامل ہیں، یہ صرف دہشت گرد ہیں ان کو بلوچ کہنا صحیح نہیں، بلوچ کب سے دہشت گرد ہوئے دہشت گرد صرف دہشت گرد ہیں، دہشت گرد جہاں گئے سیف سٹی کیمروں کو بھی نشانہ بنایا، مفاہمت ہمیشہ ریاست کیلئے نقصان دہ ثابت ہوئی ہے۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی 2018 کی مفاہمت کے بعد دوبارہ انہیں سر اٹھانے کو موقع ملا، یہ کون سی بلوچیت ہے کہ بینک لوٹ لو، موٹرسائیکل چھین لو، مفاہمت ہمیشہ ریاست کیلئے نقصان دہ ثابت ہوئی ہے، دہشت گردوں سے نرم رویہ ہمیشہ ریاست کیلئے نقصان دہ ثابت ہوا، دہشت گرد تھانے میں حملہ کرنے بچوں کو ڈھال کیلئے ساتھ لائے تھے، یہ حق اور باطل کی جنگ ہے پاکستان کبھی نہیں ہارے گا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


