ہفتہ, اگست 15, 2026
اشتہار

الاؤنس میں بڑا اضافہ ! سرکاری ملازمین کے لئے بڑی خوشخبری

اشتہار

حیرت انگیز

کوئٹہ : گریڈ 1 سے 22 تک کے سرکاری ملازمین کے لیے 7 فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس منظور کرلیا گیا، جس کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق حکومتِ بلوچستان نے صوبے کے سرکاری ملازمین کو شدید مہنگائی میں مالی ریلیف فراہم کرنے کے لیے گریڈ 1 سے گریڈ 22 تک کے تمام مستقل ملازمین کے لیے 7 فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس کی منظوری دے دی۔

محکمہ خزانہ بلوچستان کی جانب سے اس فیصلے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگیا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ اس ریلیف الاؤنس کا حساب ہر ملازم کی موجودہ بنیادی تنخواہ کے 7 فیصد کے حساب سے لگایا جائے گا، جس کا مطلب ہے کہ ملازم کے گریڈ اور موجودہ تنخواہ کے لحاظ سے الاؤنس کی رقم مختلف ہوگی۔

محکمہ خزانہ نے واضح کیا ہے کہ یہ الاؤنس مروجہ قوانین کے تحت انکم ٹیکس کے دائرے میں آئے گا اور تنخواہ کی ادائیگی کے وقت اس پر بننے والا ٹیکس کاٹا جائے گا۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن میں چند اہم شرائط بھی واضح کی گئی ہیں، یہ ایڈہاک ریلیف الاؤنس ملازمین کی مستقل بنیادی تنخواہ کا حصہ نہیں بنے گا، بلکہ اسے ماہانہ تنخواہ میں الگ سے شامل کر کے ادا کیا جائے گا۔

اس 7 فیصد الائونس کو ریٹائرمنٹ کے وقت پینشن، گریچوٹی یا دیگر مراعات کے حساب کتاب میں شامل نہیں کیا جائے گا، ملازمین کو پینشن کی ادائیگی ان کی اصل بنیادی تنخواہ کے مطابق ہی کی جائے گی۔

غیر معمولی چھٹی پر موجود ملازمین چھٹی کے دوران اس الائونس کے حقدار نہیں ہوں گے، تاہم ڈیوٹی پر واپس آنے کے بعد ان کا الاؤنس قواعد کے مطابق بحال کر دیا جائے گا۔

صوبائی حکومت کے اس فیصلے کے بعد تمام متعلقہ سرکاری محکموں اور اکاؤنٹ افسران کو نئے احکامات پر فوری عملدرآمد کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

تنخواہوں کی تیاری کے دوران حکام ہر ملازم کے گریڈ، رننگ بیسک سیلری، ٹیکس کٹوتیوں اور چھٹیوں کے ریکارڈ کو مدِ نظر رکھ کر الائونس کی شفاف ادائیگی کو یقینی بنائیں گے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں