کوئٹہ (02 اکتوبر 2025): بلوچستان میں معیاری طبی تعلیم کے فروغ کے لیے حکومت بلوچستان اور ہارلے ہیلتھ کیئر سروسز کے مابین اہم معاہدہ طے پا گیا ہے۔
صوبہ بلوچستان میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت صوبے کا پہلا میڈیکل، ڈینٹل اینڈ نرسنگ کالج قائم ہوگا، اس کالج کے تحت ہر سال 100 طالب علموں کو میڈیکل، ڈینٹل، نرسنگ اور الائیڈ سائنسز کی تعلیم فراہم کی جائے گی۔
ہارلے ہیلتھ کیئر کے ساتھ معاہدے کے تحت ہر سال 16 ہونہار طالب علموں کو مکمل اسکالر شپ فراہم کی جائے گی، اور مرحلہ وار طبی تعلیمی اہداف کو 600 طالب علموں تک بڑھایا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت صوبے کے پہلے میڈیکل کالج کے قیام پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا نوجوانوں کو عالمی معیار کی طبی تعلیم دے کر مستقبل کے ڈاکٹرز اور نرسز تیار ہوں گے، اور بلوچستان کے طلبہ کو بیرون ملک معیار کی طبی تعلیم اب مقامی سطح پر میسر آئے گی۔
انسداد سروائیکل کینسر ویکسینیشن مہم نے حکومت کو چکرا دیا
انھوں نے کہا صوبے کے دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے ہونہار طلبہ بھی اس منصوبے سے مستفید ہوں گے۔ میر سرفراز بگٹی نے اس پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو بلوچستان میں طبی تعلیمی اداروں کے قیام اور فروغ کے لیے سنگ میل قرار دیا، اور کہا صوبے میں ہیلتھ کیئر نظام کو مضبوط بنانے میں یہ معاہدہ عملی پیش رفت ثابت ہوگا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں اصلاحات و ترقی حکومت بلوچستان کی اولین ترجیحات ہیں۔
منظور احمد اے آر وائی نیوز بلوچستان سے وابستہ سینیئر رپورٹر ہیں


