کوئٹہ : بلوچستان ہائیکورٹ نے سینڈک منصوبے کے معاہدے کے حوالے سے دائر آئینی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا، آئینی درخواست رکن صوبائی اسمبلی ثناء بلوچ کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق منگل کو بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس جمال مندوخیل اورجسٹس روزی خان بڑیچ پرمشتمل بینچ نے سینڈک منصوبے کے معاہدے کے حوالے سے دائر آئینی درخواست پر سماعت کی۔
سماعت میں درخواست گزار رکن صوبائی اسمبلی ثناءبلوچ، ایم ڈی سینڈک پراجیکٹ ودیگر عدالت میں پیش ہوئے، سماعت میں فریقین کے وکلاء نے اپنے دلائل مکمل کیے جس کے بعد عدالت نے سینڈک پراجیکٹ میں مزید ڈرلنگ اور پیداوار سے متعلق دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
علاوہ ازیں بلوچستان ہائی کورٹ میں ای کورٹ کے تحت دوسرے روز پانچ کیسز کی سماعت کی گئی، کیسز کی سماعت چیف
جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔
ای کورٹ نے ایک فوجداری اپیل اور چار فوجداری پٹیشن کو نمٹا دیا جبکہ پریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری میں تمام کرمنل کیسز کو نمٹا دیا گیا۔ واضح رہے کہ ای کورٹ مزید دو روز مختلف نوعیت کے کیسزکی سماعت کرے گی۔