اتوار, جولائی 19, 2026
اشتہار

یکم سے 10 محرم الحرام تک سخت پابندیوں کا نوٹیفکیشن جاری

اشتہار

حیرت انگیز

کوئٹہ : بلوچستان حکومت نے محرم میں صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے یکم سے 10 محرم الحرام تک سخت پابندیوں کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان حکومت نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور ممکنہ سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی۔

محکمہ داخلہ بلوچستان نے یکم سے 10 محرم الحرام تک سخت پابندیوں کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ دفعہ 144 کے نفاذ کا فیصلہ سی پی او کی سفارشات اور سیکیورٹی خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے تاکہ محرم الحرام کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

صوبے بھر میں کسی بھی قسم کے اشتعال انگیز، فرقہ وارانہ اور نفرت انگیز مواد کی اشاعت و تشہیر پر مکمل پابندی ہوگی، اس کے ساتھ ہی سوشل میڈیا اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر امنِ عامہ میں خلل ڈالنے والے مواد کو پھیلانے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔

اس کے ساتھ عوامی مقامات پر ہر قسم کے اسلحہ کی نمائش اور اسے لے کر چلنے پر سخت پابندی عائد کر دی گئی ہے، تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔

محرم الحرام کے دوران ضلع کوئٹہ میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر مکمل پابندی ہوگی جبکہ صوبے میں لاؤڈ اسپیکرز کے استعمال کو محدود کیا گیا ہے اور اس کے استعمال کے لیے متعلقہ حکام سے پیشگی اجازت حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

کوئٹہ اور نصیر آباد ڈویژنز میں وال چاکنگ، بینرز اور پوسٹرز کی تشہیر پر مکمل پابندی ہوگی۔

محکمہ داخلہ نے سیکیورٹی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ حساس مقامات اور ماتمی جلوسوں کے راستوں تک کسی بھی مشتبہ شخص کی رسائی کو ہر صورت محدود کیا جائے۔

اس کے علاوہ، جلوس کے راستوں میں آنے والی عمارتوں کی چھتوں، بالکونیوں اور دیگر بلند مقامات پر غیر متعلقہ افراد کے کھڑے ہونے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا ہے کہ محرم الحرام کے دوران عوامی مقامات پر پیشہ ور بھکاریوں اور گداگری پر بھی سخت پابندی ہوگی تاکہ سیکیورٹی کے انتظامات میں کوئی خلل نہ پڑے، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں