اسلام آباد: آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ پاکستان کے چند علاقے ایسے بھی ہیں جن کا بجلی کا نظام قومی گرڈ سے نہیں بلکہ دوسرے ملک سے منسلک ہے۔
ان علاقوں کا تعلق پاکستان کے صوبہ بلوچستان سے ہے، اور ان میں گوادر، تربت اور مکران شامل ہیں، جہاں ان دنوں بد ترین لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے، اور مقامی لوگ بجلی کی عدم دستیابی کے باعث شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔
اس سلسلے میں آج وفاقی وزیر حماد اظہر نے ایک ٹوئٹ میں کیا ہے کہ گوادر، تربت اور مکران لوڈ شیڈنگ کا شکار ہیں، انھوں نے وجہ بھی بتا دی، کہا کہ ایران میں بجلی کی قلت کی وجہ سے ان علاقوں میں لوڈ شیڈنگ ہے۔
حماد اظہر نے ٹوئٹ میں لکھا کہ یہ علاقے قومی گرڈ سے منسلک نہیں ہیں، اور یہ ایرانی بجلی پر انحصار کرتے ہیں۔
ایران میں بجلی کی قلت کے باعث گوادر، تربت اور مکران ریجنز میں لوڈ شیڈنگ کی صورتحال نے جنم لیا ہے۔ یہ علاقے قومی گرڈ سے منسلک نہیں اور ایرانی بجلی پر انحصار کرتے ہیں۔ ہم نے ایرانی حکومت کے روبرو معاملہ اٹھایا ہے اور ان سے بجلی کی فراہمی بحال کرنے کی درخواست کی ہے ۱/۲
— Hammad Azhar (@Hammad_Azhar) July 29, 2021
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت نے ایرانی حکام سے رابطہ کر کے ان کے روبرو یہ معاملہ اٹھایا ہے، اور ان سے بجلی کی فراہمی بحال کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
حماد اظہر نے بتایا کہ ان علاقوں کو اب قومی گرڈ سے جوڑنے کا کام بھی جاری ہے، اور اس سلسلے میں سیکڑوں کلو میٹر طویل تاریں بچھائی جانی ہیں، تاہم یہ منصوبہ 2 برس میں مکمل ہوگا۔
وزیر توانائی @Hammad_Azhar کا ایرانی سفیر کو ٹیلی فون
ایران میں بجلی شارٹفال کے باعث بلوچستان کے کچھ علاقوں میں لوڈشیڈنگ کے معاملے پربات چیت
وزیر توانائی نے بلوچستان کو بجلی کی جلد ازجلد بحالی کی پر زور دیا
ایرانی سفیر کی وزیر توانائی کو بجلی کی جلد بحالی کی یقین دہانی
— Ministry of Energy (@MoWP15) July 29, 2021
ادھر وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ وزیر توانائی حماد اظہر نے ایرانی سفیر کو ٹیلی فون کر کے ایران میں بجلی شارٹ فال کے باعث بلوچستان کے کچھ علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کے معاملے پر بات چیت کی ہے، ایرانی سفیر نے وزیر توانائی کو بجلی کی جلد بحالی کی یقین دہانی کرائی ہے۔