کوئٹہ(17 اگست 2026): سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے کلی زائیک میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں 2 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
بلوچستان میں فتنہ الخوارج (فتنہ الہندوستان) کے دہشتگردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں، جن کے دوران سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کلی زائیک میں کیے جانے والے ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 2 دہشتگرد ہلاک اور 3 زخمی ہو گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ یہ کارروائی بسیمہ کیمپ سے 12 کلومیٹر دور دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔ کلی زائیک اور کاغلی کے درمیان کیے گئے اس آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے ایک دہشتگرد کی شناخت مشتاق احمد عرف کوہ یار کے نام سے ہوئی ہے۔
آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں ایمونیشن، دستی بم اور آئی ای ڈی بنانے کا سامان بھی برآمد کر لیا ہے۔ سیکیورٹی حکام کا عزم ہے کہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور بلوچستان میں دیرپا امن کے قیام تک یہ کارروائیاں جاری رہیں گی۔


