بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 17 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مستونگ، نوکشی، زہری، خضدار اور کیچ میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیے گئے اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے مین فتنہ الہندوستان کے 17 دہشت گرد مارے گئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، بارودی مواد اور آئی ای ڈیز برآمد کی گئی ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گرد مختلف کارروائیوں میں ملوث تھے جبکہ علاقوں میں کلیئرنس و سینٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ عزم استحکام کے تحت دہشت گردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی، پاکستان سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔
یہ پڑھیں: بنوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 8 دہشت گرد ہلاک، ایک پولیس اہلکار شہید
واضح رہے کہ 23 مئی کو بنوں کے تھانہ میریان کی حدود میں پولیس اور سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر ایک کامیاب اور بڑا آپریشن کرتے ہوئے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا۔
آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے برآمد ہونے والا 10 کلو گرام وزنی بم بھی بم ڈسپوزل اسکوڈ نے ناکارہ بنایا گیا۔
سینٹرل پولیس آفس پشاور نے بتایا تھا کہ یہ آپریشن علی الصبح کیا گیا جس میں پولیس اور سی ٹی ڈی کی خصوصی ٹیموں نے حصہ لیا، دہشت گردوں کے ممکنہ ٹھکانوں اور ان کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے جدید ڈرون سرویلنس اور دیگر جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا۔
لئیق الرحمن دفاعی اور عسکری امور سے متعلق خبروں کے لئے اے آروائی نیوز کے نمائندہ خصوصی ہیں


