کوئٹہ(یکم فروری 2026): حکومت بلوچستان نے صوبے بھر میں دفعہ 144 کے تحت ایک ماہ کیلئے پابندیاں نافذ کردی۔
بلوچستان حکومت نے صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور گزشتہ روز ہونے والے افسوسناک دہشت گردانہ حملوں کے تناظر میں اہم فیصلہ کرتے ہوئے پورے صوبے میں فوری طور پر دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔
محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ان پابندیوں کا اطلاق ایک ماہ تک رہے گا، یہ فیصلہ سیکیورٹی خدشات کو کم کرنے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق صوبے بھر میں ہر قسم کے اسلحے کی نمائش اور استعمال پر سخت پابندی ہوگی، موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور 5 یا اس سے زائد افراد کے ایک جگہ جمع ہونے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔
چہرہ ڈھانپ کر نقل و حرکت کرنے کو ممنوع قرار دیا گیا ہے، گاڑیوں کے کالے شیشوں اور غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کے سڑکوں پر آنے پر مکمل روک تھام ہوگی۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ ان تمام پابندیوں کا اطلاق فوری طور پر ہوگا اور کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
یاد رہے کہ یہ سخت اقدامات گزشتہ روز صوبے میں ہونے والے حملوں کے بعد اٹھائے گئے ہیں، تاکہ شرپسند عناصر کی نقل و حرکت کو روکا جا سکے اور صوبے میں امن و امان کی فضا کو بحال رکھا جائے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


