کوئٹہ(13 فروری 2026):بلوچستان کے جنوبی اضلاع اور سندھ کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.6 ریکارڈ کی گئی ہے۔ زلزلے کا مرکز خضدار سے 86 کلومیٹر شمال مشرق میں زمین کی گہرائی میں تھا.
خضدار، نصیر آباد اور شہداد کوٹ سمیت دیگر ملحقہ علاقوں میں بھی زلزلے کے واضح جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے دوران لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔
اس کے علاوہ لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ اور نوشہرو فیروز میں بھی زلزلہ محسوس کیا گیا، کنڈیارو، ہالانی اور محراب پور میں بھی زلزلے کے جھٹے محسوس کیے گئے جس کا دورانیہ 10 سے 15 سیکنڈ تھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے سے کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ اسلام آباد، گردونواح، گلگت بلتستان، پشاور اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، جس کے باعث شہری خوفزدہ ہو کر کلمۂ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز نے بتایا کہ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی تھی، جبکہ اس کی گہرائی 10 کلومیٹر بتائی گئی تھی، محکمۂ موسمیات کا کہنا تھا کہ زلزلہ صبح 11 بج کر 21 منٹ پر آیا، جس کا مرکز شمال مغربی کشمیر کا پہاڑی علاقہ قرار دیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


