تازہ ترین

"بلقیس بانو کو انصاف دو”، راہول اور پریانکا گاندھی میدان میں آگئے

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی اور پارٹی جنرل سکریٹری پریانکا گاندھی نے بلقیس بانو کیس میں مودی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹوئٹر پر جاری بیان میں راہول گاندھی نے کہا کہ ‘بیٹی بچاؤ’ جیسے کھوکھلے نعرے دینے والے، عصمت دری کرنے والوں کو بچا رہے ہیں۔

آج سوال ملک کی خواتین کی عزت اور حق کا ہے،”بلقیس بانو کو انصاف دو”۔

پریانکا گاندھی نے بھی اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ عصمت دری کی سزا پانے والے گیارہ افراد کی رہائی اور کیمرے کے سامنے ان کا استقبال ہمارے معاشرے کے منہ طمانچہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بلقیس بانو کیس: مجرمان کی سزا میں رعایت کیخلاف درخواست دائر

انہوں نے لکھا کہ ایسی صورت حال میں حکومت کی جانب سے ان کی حمایت نے ایک لائن کھینچ دی ہے، لیکن ملک کی خواتین کو آئین سے امید ہے، آخری صف میں کھڑی عورت کو انصاف کی جنگ لڑنے کا حوصلہ بھی آئین دیتا ہے۔

پریانکا نے بھی اپنے ٹوئٹ کے کیپشن میں ” بلقیس بانو کو انصاف دو”، کا ہیش ٹیگ استعمال کیا۔

یاد رہے کہ 2002 میں گجرات فسادات کے دوران ایک گاؤں میں 11 افراد نے بلقیس بانو نامی مسلمان خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا اور ان کی تین سالہ بیٹی کو زمین پر پٹخ کر مارا تھا، جس سے بچی موقع پر ہی انتقال کر گئی تھی۔

اس انسانیت سوز واقعے کے بعد مقامی ڈاکٹروں اور پولیس اہلکاروں نے بھی مجرموں کو بچانے کے لیے کیس میں رد و بدل بھی کیا۔

بلقیس بانو کے ساتھ زیادتی اور بچی کے قتل میں ملوث ان مجرموں کو 2008 میں عمر قید سنائی گئی تھی تاہم 16 اگست 2022 کو ان مجرموں کو گجرات کی حکومت نے معافی کی پالیسی کے تحت رہا کردیا ہے۔

Comments

- Advertisement -