اسلام آباد: وفاقی حکومت نے بھارتی فلموں کی نمائش پرپابندی عائد کر دی. پابندی کا یہ فیصلہ مختصر اور متعین مدت کے لیے ہے.
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش پر عارضی اور مختصر نوعیت کی پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے.
اس فیصلے کے مطابق بھارتی فلموں پر پابندی کے فیصلے کا اطلاق فقط عیدالفطراورعیدالضحیٰ کے مواقع پر ہوگا، حکومت کے مطابق پابندی عید سے دو دن پہلے اور دو ہفتے بعد تک برقرار رہی گی.
اس دورانیہ کے علاوہ سال کے باقی حصوں میں بھارتی فلموں کی نمائش کی آزادی ہوگی، فقط عید کے متعین دونوں میں نمائش پر قدغن لگائی گئی ہے.
حکومت نے موقف اختیار کیا ہے کہ پابندی کا حالیہ فیصلہ پاکستانی فلم انڈسٹری کوفروغ دینے کے لئے کیا گیا، فلم انڈسٹری کی جانب سے فیصلہ کا خیرمقدم کیا گیا ہے.
یاد رہے کہ بالی وڈ میں عید کے مواقع پر بڑے بینر کی فلمیں ریلیز ہوتی ہیں، کیوں کہ ان دنوں میں بزنس عام دنوں کی نسبت کئی گنا زیادہ ہوتا ہے. بھارتی فلمیں پاکستان میں بھی بیک وقت ریلیز ہوتی ہیں، جس پر پاکستانی فلم سازوں کے شدید تحفظات تھے.
پاکستان فلم سازوں کا موقف ہے کہ ان تاریخوں پر بھارتی فلموں کو زیادہ اسکرینز ملتی ہیں، یوں پاکستانی فلمیں معیاری ہونے کے باوجود بزنس کرنے میں ناکام رہتی ہیں. اسی باعث ایک طویل عرصے سے عید کے مواقع پر بھارتی فلموں پر پانبدی کا مطالبہ کیا جارہا تھا.
دوسری جانب سنیما مالکان کی جانب سے ہمیشہ اس موقف پر تنقید کی گئی، سنیما مالکان کے مطابق سنیما انڈسٹری کے مستقبل کے لیے بھارتی فلموں کی ریلیز ناگزیر ہے.
یاد رہے کہ 2016 میں بھارتی فلموں کی ریلیز پر پابندی عائد کر دی گئی تھی، جس کی وجہ سے سنیما انڈسٹری کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا تھا۔
فلم پروڈیوسر ایسوسی ایشن کا بھارتی فلموں پر پابندی کا مطالبہ
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔