اسکردو (21 اکتوبر 2025): گلگت بلتستان کے الیکشن کمیشن نے نئی بھرتیوں تبادلوں اور ترقیاتی اسکیموں پر پابندی لگاتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن جی بی نے گلگت بلتستان میں سرکاری محکموں میں نئی بھرتیوں، تبادلوں اور ترقیاتی اسکیموں پر پابندی عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر عوام مفاد میں بھرتیاں ناگزیر ہوں تو اس کے لیے پیشگی منظوری لینا ہوگی۔
اس کے علاوہ پہلے سے جاری ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز دوسری اسکیموں کے لیے منتقل کرنے پر بھی پابندی ہوگی اور لوکل گورنمنٹ سے متعلق ترقیاتی فنڈز بھی منجمد رہیں گے۔
الیکشن کمیشن نے یہ فیصلہ اگلے ماہ 24 نومبر کو گلگت بلتستان اسمبلی کی پانچ سالہ آئینی مدت پوری ہونے کے تناظر میں کیا گیا ہے اور اس پابندی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا اور صوبائی اسمبلی اور مقامی حکومتوں کے انتخابات کی تکمیل اور اس کے نتائج کے اجرا تک پابندی جاری رہے گی۔
الیکشن کمیشن نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس فیصلے پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


