کوئٹہ : صوبے بھرمیں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری اور عوامی مقامات پرنقاب یا چہرہ ڈھانپنے پر پابندی کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ کا پانچ روز میں دوسرا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
بلوچستان کے محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں صوبے بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، تاہم خواتین اور بچوں کو اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق عوامی مقامات پر نقاب، مفلر یا ماسک کے ذریعے چہرہ ڈھانپنے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے، اس کے علاوہ اسلحے کی نمائش، پانچ یا اس سے زائد افراد کے اجتماع اور احتجاج یا دھرنوں پر بھی پابندی برقرار رہے گی۔ یہ اقدامات 30 نومبر تک نافذ رہیں گے۔
اس کے ساتھ ہی غیر رجسٹرڈ موٹر سائیکلوں، کالے شیشے والی گاڑیوں اور دھماکا خیز مواد کی نقل و حرکت پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔
حکام کے مطابق یہ پابندیاں 5 نومبر کے نوٹیفکیشن میں ترمیم کے بعد عائد کی گئی ہیں اور دفعہ 144 صوبے بھر میں 30 نومبر تک نافذ رہے گی۔
دوسری جانب، پنجاب حکومت نے بھی دفعہ 144 میں سات روز کی توسیع کر دی ہے، جس کے تحت پابندیاں 15 نومبر تک برقرار رہیں گی۔ صوبے بھر میں احتجاج، ریلیوں، جلوسوں، دھرنوں اور عوامی اجتماعات پر پابندی عائد ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق چار یا اس سے زائد افراد کے عوامی اجتماع، اسلحے کی نمائش، لاؤڈ اسپیکر کے استعمال اور فرقہ وارانہ یا نفرت انگیز مواد کی اشاعت و تقسیم پر سختی سے پابندی ہوگی۔ تاہم شادی، جنازے اور تدفین کی تقریبات ان پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گی۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ سرکاری افسران، قانون نافذ کرنے والے اہلکار اور عدالتی افسران پر یہ پابندیاں لاگو نہیں ہوں گی۔ لاؤڈ اسپیکر کا استعمال صرف اذان اور جمعے کے خطبے تک محدود رکھا گیا ہے۔


