مغربی افریقی ملک نائیجیریا میں ڈاکوؤں نے جنگی طیارہ مار گرایا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق فضائیہ کا طیارہ اغواکاروں اور شرپسندوں کے خلاف کارروائی کے بعد واپس آ رہا تھا کہ اس دوران ڈاکوؤں نے اسے نشانہ بنایا۔
ایئرفورس کا کہنا ہے کہ ایلفا جیٹ نے کامیابی کے ساتھ اپنے اہداف کو حاصل کیا لیکن واپسی میں اس پر حملہ کیا گیا۔
فضائیہ کے مطابق طیارے پر گولیاں برسائی گئیں تاہم پائلٹ نے خطرے کو بھانپتے ہوئے خود کو طیارے سے الگ کر کے پراشوٹ کے ذریعے بحفاظت لینڈنگ کی اور محفوظ مقام پر پناہ لی۔
اس واقعے میں طیارہ تباہ ہو گیا البتہ پائلٹ محفوظ رہا۔ حکومت نے شورش زدہ علاقوں میں ڈاکوؤں اور اغواکاروں کے خلاف فضائیہ کو کارروائی کے لیے خصوصی اختیارات دیے ہیں۔
نائیجریا کے شمالی علاقے زمفرا اور کاڈونا کے سرحدی علاقے میں مخصوص گروپ اغوا کی وارداتوں میں ملوث ہے اور اب تک ان علاقوں سے ایک ہزار سے زائد افراد کو اغوا کیا گیا جن میں اکثریت بچوں کی ہے۔
بعض افراد کو فورسز نے کارروائی کر کے بازیاب کروایا جب کہ کچھ کو تاوان کے بدلے رہائی ملی۔