ڈھاکا: پاکستان بولرز کی شاندار کارکردگی کے باعث بنگلا دیش فالو آن کا شکار ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈھاکا ٹیسٹ کے آخری روز دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا ہے، پاکستانی بولرز کی شاندار کارکردگی نے ڈھاکا ٹیسٹ کو فیصلہ کن بنانے کی راہ ہموار کردی ہے۔
بارش سے متاثرہ ہونے والے ڈھاکا ٹیسٹ میں بنگلا دیش اپنی پہلی اننگز میں 87 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی ہے، اننگز شکست سے بچنے کے لئے بنگلا دیش کو مزید 213 رنز درکار ہیں۔
پاکستان کی جانب سے ساجد خان بنگلا دیش پر قہر بن کر ٹوٹے، بنگلا دیش کا کوئی بھی بیٹر ساجد خان کی گھومتی گیندوں کو نہ سمجھ سکا، اور پویلین جاتا رہا، ساجد خان نے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے42 رنز کے عوض 8 وکٹیں حاصل کیں۔
شاہین شاہ آفریدی نے بھی ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف ڈھاکا ٹیسٹ کے چوتھے روز پہلی اننگز 300 رنزبناکر ڈکلئیرکردی تھی بابراعظم، اظہر علی، فواد اور محمد رضوان نے نصف سنچریاں بنائیں۔
واضح رہے کہ ڈھاکا ٹیسٹ کا دوسرا اور تیسرا دن بارش کی نذر ہوا تھا۔
Eight wickets for Sajid Khan (15-4-42-8)👏👏👏
Pakistan bowl out Bangladesh for 87 and enforce the follow-on!#BANvPAK pic.twitter.com/TyX3kW7OFS— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) December 8, 2021
واضح رہے کہ پاکستان کو دو میچوں پر مشتمل سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے، چٹاکانگ ٹیسٹ میں پاکستان نے بنگال ٹائیگرز کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔