میرپور(6 مارچ 2026): بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے پاکستان کے خلاف 11 سے 15 مارچ تک شیڈول تین میچوں کی ہوم ون ڈے سیریز کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔
اسکواڈ میں تجربہ کار وکٹ کیپر بیٹر لٹن داس اور آل راؤنڈر عفیف حسین کی واپسی ہوئی ہے، جبکہ فاسٹ باؤلرز ناہید رانا اور شریف الاسلام بھی دوبارہ ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔ دوسری جانب نور الحسن، ذاکر علی، شمیم حسین، حسن محمود، تنظیم حسن اور نسوم احمد کو اسکواڈ سے باہر کر دیا گیا ہے۔
عفیف حسین نے اپنا آخری ون ڈے دسمبر 2024 میں کھیلا تھا، جبکہ لٹن داس جولائی 2025 کے بعد پہلی بار ون ڈے فارمیٹ میں نظر آئیں گے۔
لٹن داس فارم کی خرابی کے باعث گزشتہ سال اکتوبر میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کا حصہ نہیں تھے، تاہم چیف سلیکٹر غازی اشرف حسین نے ان کے تجربے پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ اگرچہ لٹن داس کی حالیہ کارکردگی بہترین نہیں رہی، لیکن ان کے پاس تقریباً 100 بین الاقوامی میچوں کا تجربہ ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ وہ جلد اپنی بہترین فارم میں واپس آئیں گے، ہم انہیں مڈل آرڈر کو مضبوط کرنے کے لیے ایک آپشن کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ سومیہ سرکار اس وقت بہترین فارم میں ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم 9 مارچ کو بنگلا دیش پہنچے گی۔ سیریز کے تمام تینوں میچز 11، 13 اور 15 مارچ کو شیر بنگلا نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم، میرپور میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستان کے خلاف بنگلا دیشی ون ڈے اسکواڈ:
مہدی حسن میراز (کپتان)، سومیہ سرکار، سیف حسن، تنزید حسن، نجم الحسن شانتو، توحید ہردوئی، لٹن کمار داس، عفیف حسین، ماہد الاسلام بھویاں، رشاد حسین، تنویر اسلام، مستفیض الرحمان، تسکین احمد، شریف الاسلام اور ناہید رانا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


