بنگلہ دیش نے ایک بار پھر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کےلیے بھارت جانے سے صاف انکار کرتے ہوئے آئی سی سی کو وارننگ جاری کردی ہے کہ اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں بنگلہ دیش نے اپنے میچوں کے لیے بھارت جانے سے ایک بار پھر نہ صرف انکار کر دیا ہے بلکہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے نائب صدر سخاوت حسین نے منگل کو یہ بھی کہا ہے کہ انھیں میچز کے حوالے سے مثبت نتائج کی امید ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس میں بتایا کہ ایک میٹنگ کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے سخاوت حسین نے کہا کہ بی سی بی مثبت نتائج کے لیے پُرامید ہے۔
نائب صدر بی سی بی نے کہا کہ "وینیو کی تبدیلی کے حوالے سے ہم نے جو موقف اختیار کیا ہے ہم اس پر قائم ہیں، ہم اپنے موقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، ہم بھارت نہیں جا رہے ہیں۔”
انھوں نے مزید کہا کہ ہم نے اپنا موقف بیان کر دیا ہے اور وہ (آئی سی سی) متبادل وینیو تلاش کر رہے ہیں، بات چیت کا راستہ ابھی بھی کھلا ہے۔
بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر سخاوت حسین کا مزید کہنا تھا کہ بی سی بی اپنی سوچ میں واضح ہے اور ہم ایک مثبت پوزیشن میں موجود ہیں، اب ایونٹ میں زیادہ وقت نہیں رہا تو ہم دیکھیں گے کیا کرنا ہے۔
آئی سی سی، بھارتی بورڈ بنگلہ دیش کو منانے میں ناکام، بھارت میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کھیلنے سے صاف انکار


