ڈھاکا (06 نومبر 2025): بنگلادیش میں بغاوت کے دوران لُوٹا گیا اسلحہ انتخابات سے قبل واپس کرنے پر نقد انعام کا علان کر دیا گیا۔
حکومت نے پولیس کی حراست سے لوٹے گئے ہتھیاروں اور گولہ بارود کی بازیابی کے لیے نقد انعامات کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد اگلے سال فروری میں ہونے والے 13 ویں پارلیمانی انتخابات سے قبل تمام گم شدہ ہتھیاروں کی بازیافت کرنا ہے۔
اس انوکھی ’’اسکیم‘‘ میں لائٹ مشین گن کی واپسی پر 4 ہزار سے زائد ڈالر، اسالٹ رائفل پر 800 ڈالر، شاٹ گن یا پستول پر 400 ڈالر تک انعام دیا جائے گا، گولہ بارود جمع کرانے پر بھی نقد رقم دی جائے گی، اور ہر برآمد ہونے والی گولی پر 500 روپے کا انعام ہوگا۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ 1300 ہتھیار ابھی بھی لاپتا ہیں، پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اسلحہ واپس لوٹانے والوں کے نام راز میں رکھے جائیں گے۔ پولیس نے عوام سے فوری اطلاع اور تعاون کی اپیل کی ہے۔
روس اور چین کے ساتھ ایٹمی ہتھیار ختم کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ
اس سے قبل 25 اگست کو مشیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) محمد جہانگیر عالم چودھری نے گزشتہ سال 5 اگست کے بعد لوٹے گئے آتشیں اسلحے کی بازیابی کی معلومات کے لیے انعامات کا اعلان کیا تھا۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جن لوگوں کو کوئی بھی گمشدہ اسلحہ یا گولہ بارود ملے وہ اپنے قریبی پولیس اسٹیشن سے رابطہ کریں۔


