بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کی تحقیقات کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں ٹیم کی ناقص کارکردگی پر تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی جو ٹیم کی ناقص کارکردگی سے متعلق اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سابق سربراہ صابر حسین چوہدری نے بھی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر بورڈ کے سربراہ نظم الحسن پر تنقید کی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نظم الحسن کی سربراہی میں چار ورلڈ کپ کھیل چکے ہیں، حالات بد سے بدتر ہوتے چلے گئے ہیں، سب سے زیادہ عرصے رہنے والے بورڈ کے صدر بھی سب سے زیادہ نااہل ہیں۔
Bangladesh 🇧🇩 has now played 4 World Cups under Mr Papon, things have gone bad to worse. Longest serving President has also been the most incompetent. Its always someone else’s fault as he has run our cricket to the ground. Shame that we have a shameless @BCBtigers. #T20WorldCup
— Saber H Chowdhury | সাবের হোসেন চৌধুরী (@saberhc) November 4, 2021
بنگلہ دیش کی آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست پر سابق آسٹریلوی کھلاڑی مارک وا نے آسٹریلیا کے خلاف 73 رنز پر آؤٹ ہونے پر بنگلہ دیشی ٹیم پر تنقید کی تھی، آسٹریلیا نے ہدف 38 گیندوں پر حاصل کرلیا تھا۔
مارک وا کا کہنا تھا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کی ٹیم وہ کارکردگی نہ دکھاسکی جس کی ان سے توقع تھی۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم سپر 12 مرحلے کے دوران کوئی بھی میچ نہیں جیت سکی تھی اور اپنے تمام پانچ میچز ہار گئی تھی جبکہ کوالیفائنگ راؤنڈ کے دوران بھی اسے سکاٹ لینڈ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔