ڈھاکہ : بنگلہ دیش میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرکے شدت پسند کالعدم تنظیم کے گیارہ کارندوں کو ہلاک کردیا، بنگلہ دیشی حکام کا دعویٰ ہے کہ مذکورہ ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم جماعت المجاہدین سے تھا۔
تفصییلات کے مطابق بنگلہ دیش کے حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے فائرنگ کے تبادلے میں کم از کم 11 مبینہ شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ اسد الزمان خان کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے تمام شدت پسندوں کا تعلق کالعدم تنظیم جماعت المجاہدین سے تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہلاک ہونے والوں میں کالعدم تنظیم کے ڈھاکہ کا کمانڈر بھی شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اطلاع ملنے پر سکیورٹی فورسز نے دو مقامات پر چھاپے مارے اور کئی گھنٹوں تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔
اسد الزمان خان کا کہنا تھا کہ دو چھاپے ڈھاکہ کے قریب جبکہ تیسرا چھاپہ ضلع تنگیل میں مارا گیا۔ برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق سکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان تین گھنٹوں تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔