ڈھاکا: بنگلادیش میں زبردست احتجاج کرنے والی طلبہ تحریک نے چیف جسٹس سمیت تمام فاشسٹ ججوں کو بھی استعفے دینے کا الٹی میٹم دے دیا۔
ڈیلی آبزرور کے مطابق بنگلادیش میں طلبہ تحریک برائے انسدادِ امتیازی سلوک نے تمام فاشسٹ ججوں کو استعفے دینے کے لیے آج دن ایک بجے تک کا الٹی میٹم دے دیا ہے۔
طلبہ تحریک کے کوآرڈینیٹر آصف محمود کا کہنا ہے کہ اعلیٰ ترین عدالتوں سمیت تمام عدالتوں کے جج جنھوں نے حسینہ واجد کی فاشسٹ حکومت کا ساتھ دیا اور فاشزم میں ملوث رہے وہ رضاکارانہ طور پر ایک بجے تک استعفا دے دیں۔
جو کچھ گزشتہ 2 روز میں ہوا اس پر شرمندہ ہیں، بنگلادیش آرمی چیف
کوآرڈینیٹر آصف محمود نے جمعرات کی صبح اپنی فیس بک وال پر لکھا ’’عدلیہ کے فاشزم کو بھی ختم کیا جانا چاہیے، ہم نے مشاہدہ کیا کہ فاشسٹ نظام میں شامل ججز اب بھی عدلیہ میں گھوم رہے ہیں، ہم چیف جسٹس، اپیلٹ ڈویژن کے ججوں کو فوری طور پر ہٹائے جانے کا مطالبہ کرتے ہیں جو فاشسٹ سسٹم کے سرگرم شراکت دار ہیں۔‘‘
انھوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ملک میں خواہ کسی بھی سطح پر ہو، فاشزم سے فائدہ اٹھانے والے اور ان کے شراکت دار رضاکارانہ طور پر استعفے دے دیں۔