بنگلہ دیش کا ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

شارجہ: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے اہم ترین میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شارجہ میں کھیلے جارہے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے اہم ترین میچ میں بنگلہ دیش نے دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
بنگلہ دیش کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں ہیں، کپتان محمداللہ نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کو کم اسکورپر محدود کرنےکی کوشش کرینگے۔
بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کا میچ اس حوالے سے اہم ہے کہ جو ٹیم یہ میچ ہارے گی وہ سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوجائے گی۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش اپنے دونوں میچ ہارچکی ہے، ستائیس اکتوبر کو کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ چوبیس اکتوبر کو سری لنکا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کو 5 وکٹوں سے ہرایا تھا۔
دوسری جانب ٹی ٹوئنٹی کی دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز نے بھی میگا ایونٹ کا مایوس کن آغاز کیا، پہلے میچ میں اسے انگلینڈ کے ہاتھوں 6 وکٹوں سے شکست ہوئی تھی جبکہ دوسرے میچ میں جنوبی افریقا نے اسے 8 وکٹوں سے ہرایا تھا۔