اسلام آباد : سابق وزیرداخلہ عبدالرحمان ملک نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون سے اپیل کی ہے کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے حل کے لیے جنرل اسمبلی کا اجلاس بلائیں۔
بان کی مون کے نام لکھے گئے ایک خط میں انہوں نے بان کی مون سے درخواست کی ہے کہ وہ اس تنازع کے حل میں اہم کردارادا کریں۔
مسلم ممالک کے دنیا بھر سے تعلقات میں سعودی عرب اور ایران اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ان دونوں ممالک کا تنازعہ پوری دنیا کو غیریقینی اور تقسیم کا شکار کردے گا۔
عبدالرحمان ملک نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو مشورہ دیا کہ وہ فوری طور پر جنرل اسمبلی کا اجلاس بلائیں تاکہ دونوں ممالک کے درمیان جاری تنازع کا حل تلاش کیا جاسکے, اس معاملے پر اقوام متحدہ کی خاموشی پوری دنیا کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ دنیا داعش کی شکل میں دہشت گردی کی ایک بدترین شکل کا سامنا کررہی ہے اور اس عفریت کو صرف اس صورت شکست دی جاسکتی ہے جب دنیا کی تمام قومیں متحد ہوجائیں۔
سعودی عرب اور ایران کے درمیان مخاصمت کا براہ راست فائدہ داعش کو پہنچے گا۔