بنوں: انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا جبکہ 10 کلو گرام وزنی بم کو ناکارہ بنا دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بنوں کے تھانہ میریان کی حدود میں پولیس اور سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر ایک کامیاب اور بڑا آپریشن کرتے ہوئے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے برآمد ہونے والا 10 کلو گرام وزنی بم بھی بم ڈسپوزل اسکوڈ نے ناکارہ بنا دیا گیا۔
سینٹرل پولیس آفس پشاور نے بتایا کہ یہ آپریشن علی الصبح کیا گیا جس میں پولیس اور سی ٹی ڈی کی خصوصی ٹیموں نے حصہ لیا، دہشت گردوں کے ممکنہ ٹھکانوں اور ان کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے جدید ڈرون سرویلنس اور دیگر جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا۔
آپریشن کے دوران فورسز اور مصلح دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 8 دہشت گرد موقع پر ہی ڈھیر ہو گئے جبکہ متعدد زخمی حالت میں فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔
دہشت گردوں کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار جامِ شہادت نوش کر گیا جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوا ہے، جسے فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے آئی جی پی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ ‘فتنہ الخوارج’ اور امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید شدت کے ساتھ جاری رہیں گی۔ کے پی پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور دشمن کے ہر وار کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے کامیاب آپریشن پر پولیس اورسی ٹی ڈی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا بروقت کارروائی کر کے خوارج کےناپاک عزائم کو ناکام بنایا گیا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


