بنوں(11 جولائی 2026): پولیس نے 40 انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی فہرست جاری کر دی جبکہ ان انتہائی مطلوب دہشت گردوں کے سروں کی قیمت بھی مقرر کردی گئی ہے۔
بنوں پولیس نے سیکیورٹی اقدامات کو مزید سخت کرتے ہوئے 40 انتہائی مطلوب دہشت گردوں کے نام، تصاویر اور پتے جاری کر دیے ہیں، جبکہ ان کی گرفتاری میں مدد فراہم کرنے پر لاکھوں روپے انعام کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق، مطلوب دہشت گردوں کے سروں کی قیمت 10 لاکھ روپے سے لے کر 1 کروڑ روپے تک مقرر کی گئی ہے، اور ان انعامی رقوم کو دہشت گردوں کی سنگینی کے لحاظ سے مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔
پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ان مطلوب افراد کے بارے میں اطلاع دینے والے کسی بھی شہری کی شناخت کو مکمل طور پر خفیہ رکھا جائے گا۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ جاری کی گئی فہرست ابتدائی مرحلے کی ہے، جس میں ابھی کچھ ہائی پروفائل دہشت گردوں کے نام شامل نہیں کیے گئے۔ مزید مطلوب دہشت گردوں کی فہرستیں بھی تیار کی جا رہی ہیں، جنہیں جلد میڈیا اور عوام کے لیے جاری کر دیا جائے گا۔
بنوں پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ان دہشت گردوں کی گرفتاری اور امن و امان کے قیام میں پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔


