پاکستان بارکونسل نے اسلام آبادہائی کورٹ پر حملہ کرنے والے وکلا کےخلاف کارروائی کی حمایت کر دی۔
پاکستان بارکونسل نےملاقات کیلئےچیف جسٹس اسلام آبادہائیکورٹ جسٹس اطہرمن اللہ کو خط لکھ دیا جس میں کہا گیا ہے کہ معاملےپر چیف جسٹس اسلام آباد اور معزز جج صاحبان سےملاقات انتہائی ضروری ہے۔
خط کے مطابق واقعےمیں ملوث وکلا کےخلاف شواہدکی بنا پر کارروائی کی حمایت کرتےہیں اور پاکستان بارکونسل عدلیہ کی آزادی، وقار کیلئے کوششوں کی مکمل حمایت کرتی ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ وکلاکمیونٹی سےغیرذمہ دار، ناپسندیدہ عناصرکو نکالنےکیلئے ہراقدام کریں گے جب کہ واقعے کے ذمہ دار وکلاکو قانون کےمطابق قرار واقع سزا ملنی چاہیے۔
خط میں میں یقین دلایا گیا ہے کہ ملوث وکلا کیخلاف شواہدپاکستان اور صوبائی بارز کو بھجوائے جائیں تو سخت کارروائی ہوگی۔
یاد رہے کہ 9 فروری کو اسلام آباد کچہری میں چیمبرز گرانے کے خلاف وکلا نے چیف جسٹس کے چیمبر سمیت رجسٹرار برانچ کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا تھا، مشتعل وکلا نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں توڑ پھوڑ کی، کشیدہ صورت حال کے باعث چیف جسٹس اسلام آباد کئی گھنٹوں تک اپنے چیمبرز میں محصور ہوگئے تھے۔