ہفتہ, مارچ 7, 2026
اشتہار

باڑہ سیاسی اتحاد کا اہم جرگہ، تیراہ میں بدانتظامی پر صوبائی حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا

اشتہار

حیرت انگیز

پشاور (31 جنوری 2026): باڑہ سیاسی اتحاد کا تیراہ کی صورتحال پر اہم جرگہ ہوا جس میں صوبائی حکومت کی بدانتظامی سے پیدا حالات پر مستقبل کا لائحہ عمل طے کیا گیا۔

باڑہ سایسی جرگہ نے تیراہ میں بدانتظامی پر صوبائی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا اور متاثرین میں 4 ارب روپے کی تقسیم میں کرپشن اور سیاسی مداخلت پر تنقید کی جبکہ قیام امن کیلیے سکیورٹی فورسز کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

قومی جرگے کا ایجنڈا سابق چیئرمین باڑہ سیاسی اتحاد حاجی شیریں آفریدی نے پیش کیا۔ جرگے نے تیراہ سے نقل مکانی کرنے والوں سے یکجہتی اور بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔

یہ بھی پڑھیں: تیراہ میں کوئی بڑا فوجی آپریشن نہیں ہو رہا، سکیورٹی ذرائع

حاجی شیریں آفریدی نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم نے خوارج کے ساتھ 2 بار جرگہ کیا اس کے بعد ذمہ داری حکومت اور تیراہ مشران کو دی لیکن دونوں جرگے ناکام رہے، متاثرین تیراہ کے مسائل ایک علاقے یا قبیلے تک محدود نہیں اجتماعی قومی مسئلہ ہے۔

جبکہ باڑہ سیاسی اتحاد نے کہا کہ متاثرین تیراہ کے مسائل کا حل مزید تاخیر کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے متفقہ اعلامیہ پر فوری عملدرآمد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وادی تیراہ میں فوری مکمل امن بحال اور پائیدار امن کی ضمانت دی جائے، خوارج کی جانب سے اشتعال انگیزیوں کو فوری بند کیا جائے، فائرنگ، شیلنگ، گھروں پر مارٹر حملے اور کواڈ کاپٹر گرانے سے خوف پھیل رہا ہے، متاثرین کی باعزت واپسی کو یقینی بنایا جائے۔

باڑہ سیاسی اتحاد نے مطالبہ کیا کہ متاثرین سے کیے گئے وعدے اور معاہدے تسلیم اور نافذ کیے جائیں، متاثرین کی رجسٹریشن میں سیاسی مداخلت، نااہلی اور کرپشن کی تحقیقات کی جائیں، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے، تیراہ میں گھر یا جائیداد رکھنے والوں کو آئی ڈی پیزاسٹیٹس دے کر رجسٹریشن کی جائے۔

’تیراہ میں گھر یا جائیداد رکھنے والوں کو امدادی پیکیج میں شامل کیا جائے۔ اپر باڑہ اور باڑہ پلین ایریا میں امن و امان کی تشویشناک صورتحال کو کنٹرول کیا جائے۔ قیام امن کیلیے آج سے باڑہ میں امن تحریک کا آغاز ہوگا۔ تحریک کا مقصد عوام کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔‘

باڑہ سیاسی اتحاد نے اپنے بیان میں مطالبہ کیا کہ باڑہ میں صوبائی حکومت آئینی ذمہ داری پوری کرے عوام کو تحفظ دے، متاثرین تیراہ کے ساتھ ہر فورم پر کھڑے رہیں گے، باڑہ کے عوام کے حقوق حاصل کرنے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں