اسلام آباد: ملک سے جعلی اور غیر معیاری ادویات کے خاتمے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) نے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم پر عمل درآمد کا آغاز کر دیا۔
ذرائع کے مطابق ڈریپ نے میڈیسن پیکٹ پر ٹو ڈی بار کوڈ ٹریک و ٹریس سسٹم نافذ کر دیا ہے، ملک میں ٹو ڈی بارکوڈ سسٹم کے بغیر ادویات کی درآمد و سیل پر پابندی عائد ہوگی، فارما کمپنیوں کو بار کوڈ اور سیریلائزیشن کے لیے حتمی احکامات جاری کر دیے گئے۔
ڈریپ ذرائع کا کہنا ہے کہ فارما ٹریک و ٹریس سسٹم کا نفاذ ہیومن اور ویٹرنری دونوں دوا ساز کمپنیوں پر ہے، اس سلسلے میں ڈریپ کی جانب سے فارماسیوٹیکل، بائیولوجیکل اور ویٹرنری پراڈکٹس کے امپورٹرز، پاکستان فارما مینوفیکچررز ایسوسی ایشن، فارما بیورو سمیت آزاد کشمیر، جی بی اور چاروں صوبائی محکمہ صحت کے نام ایک مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ادویات پیکٹ پر ٹو ڈی بار کوڈنگ سسٹم کا نفاذ مرحلہ وار کیا جا رہا ہے، پہلے فیز میں مقامی تیار کردہ اور امپورٹڈ ادویات پر ٹو ڈی بار کوڈ لگانا لازم ہوگا، ملک بھر کے دواساز، امپورٹرز کے لیے ٹریک و ٹریس سسٹم پر عمل لازم ہوگا۔
رجسٹرڈ کلینکس پر بغیر لائسنس ادویات کی سیل پر پابندی عائد
مراسلے کے مطابق جمعہ 9 اکتوبرسے ہر دوا پر منفرد ٹو ڈی ڈیٹا بار کوڈ اور سیریل نمبر درج کرنا لازم ہوگیا ہے، اب ٹوڈی بارکوڈ کے بغیر دوا کی درآمد اور سیل پر پابندی عائد ہو گئی ہے، تاہم جو بیچز 9 اکتوبر سے قبل تیار کردہ اور امپورٹڈ ہیں، وہ ٹو ڈی بار کوڈ کی شرط سے مستثنی ہوں گے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ دوا ساز، امپورٹرز کے لیے ٹو ڈی بار کوڈ سسٹم کی تکنیکی شرائط پر عمل لازم ہوگا، ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی عدم تعمیل پر سخت قانونی کارروائی ہوگی، سسٹم کے نفاذ کے لیے بنیادی ریگولیٹری اقدامات مکمل کیے جا چکے ہیں، اس سلسلے میں مینوفیکچررز اور امپورٹرز سے بھی مشاورت کی گئی تھی۔
وفاقی کابینہ ٹریک و ٹریس سسٹم کے نفاذ کی باضابطہ منظوری دے چکی ہے، ڈریپ کا کہنا ہے کہ ٹو ڈی بارکوڈ سسٹم کا مقصد جعلی و غیر رجسٹرڈ ادویات کی روک تھام ہے، بار کوڈ سے جعلی، غیر معیاری ادویات کو ٹریس کیا جا سکے گا، اور میڈیسن سپلائی چین میں شفافیت یقینی ہوگی۔
ذرائع کے مطابق صارف پیکٹ پر موجود ٹو ڈی بار کوڈ سے دوا کی ازخود تصدیق بھی کر سکے گا، اور دوا کی میعادِ، استعمال و قیمت سے متعلق مستند معلومات کی تصدیق ہو سکے گی۔


