اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت پر الزامات نہیں لگنے چاہئیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کے پی حکومت کو بھی ایسے کام نہیں کرنے چاہئیں جس پر الزامات لگیں لیکن جو الزامات لگاتے ہیں ان سے گزارش ہے ثبوت بھی لائیں۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کے اندرونی معاملات پر عوام میں بات نہیں کرتا، پارلیمانی پارٹی اجلاس میں کچھ باتیں ہوئیں اس لیے موخر کردیا، مخالفین کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں، بہتر ہے صلح صفائی ہو۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سے ملاقات کے لیے گئے لیکن وہ مصروف ہیں، عمران خان سے ملاقاتیں ہمارا آئینی اور قانونی حق ہے، بانی سے بہنوں نے ملنا ہے باقی لوگ یہاں اظہار یکجہتی کے لیے آتے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو ابھی تک ضمانت نہیں ملی، عدلیہ سے درخواست ہے لوگوں کو انصاف ان کی دہلیز پر ملنا چاہیے، عدلیہ عمران خان کے کیسز سنے اور انصاف کرے، بشریٰ بی بی پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں انہیں کیوں سزا دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب کو اپنی انا ختم کرنا ہوگی، علامہ راجہ ناصر اور محمود اچکزئی پر اب بڑی ذمہ داری ہے امید ہے وہ موثر کردار ادا کریں گے۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی افواج پاکستان اور ریاست کے ساتھ کھڑی ہے، جب بھی ملک کی بات آئی ہم نے بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


