ہفتہ, مارچ 14, 2026
اشتہار

بانی پی ٹی آئی کی 85 فیصد بینائی ضائع: بیرسٹر سلمان صفدر کی کیسز فوری مقرر کرنے کا مطالبہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: بیرسٹر سلمان صفدر نے بانی پی ٹی آئی کے کیسز فوری مقرر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا پمز اسپتال کے ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد بانی پی ٹی آئی کو بتایا ہے کہ ان کی 85 فیصد بینائی جا چکی ہے اور اب صرف 15 فیصد باقی رہ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی تشویشناک طبی صورتحال اور عدالتی تاخیر پر سنگین تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے بتایا کہ پمز اسپتال کے ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد بانی پی ٹی آئی کو بتایا ہے کہ ان کی 85 فیصد بینائی جا چکی ہے اور اب صرف 15 فیصد باقی رہ گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ تمام تفصیلات جیل وزٹ کی اس رپورٹ میں شامل ہیں جو سپریم کورٹ میں پیش کی جا چکی ہے، اور معاملہ اب اعلیٰ عدلیہ کے نوٹس میں ہے۔

سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل کو بانی پی ٹی آئی کا مکمل چیک اپ کرانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

سلمان صفدر نے عدالتی کارروائی اور تاخیر پر شکوہ کرتے ہوئے کہا آج چوتھی بار درخواستیں دائر کی گئی ہیں کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے کیسز (توشہ خانہ اور القادر ٹرسٹ) آئندہ ہفتے کے لیے مقرر کیے جائیں۔

انہوں نے الزام لگایا کہ گزشتہ ایک سال سے کوئی کیس سماعت کے لیے مقرر نہیں ہوا اور حکومت مختلف بہانے بنا کر کیس ملتوی کرواتی رہی ہے۔

رجسٹرار آفس کی جانب سے کیسز مقرر نہ کرنے پر دو ماہ قبل چیف جسٹس کو خط بھی لکھا گیا تھا، مگر تاحال کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ بشریٰ بی بی کو ایک سال سے ضمانت نہیں ملی۔ انہوں نے استدعا کی کہ پیر کے روز بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی درخواستیں ہر صورت مقرر کی جائیں اور کیسز کے میرٹ کو دیکھا جائے اور ان کی سزائیں معطل کی جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس بار میڈیکل گراؤنڈز کی بنیاد پر درخواستیں دائر کی گئی ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ عدالت انسانی ہمدردی اور صحت کے پیشِ نظر اسی ہفتے سماعت کرے گی۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں